کراچی ،وائرل ہیمرجک فیور کے مزید 20مریض اسپتال میں داخل

جمعہ 6 اکتوبر 2006 16:23

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06اکتوبر2006) کے مختلف اسپتالوں میں 8خواتین سمیت وائرل ہیمرجک فیور کے مزید 20مریضوں کو داخل کیا گیا ہے جس کے بعد داخل مریضوں کی تعداد 35سے زائد ہوگئی ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق لیاقت نیشنل اسپتال میں دو مریض پہلے سے داخل تھے جبکہ گزشتہ دو روز کے دوران مزید 16مریضوں کو داخل کیا گیا جن میں 8خواتین بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ڈاکٹر ضیا الدین اسپتال نارتھ ناظم آباد میں پانچ مریض داخل ہیں جبکہ آغا خان اسپتال میں ایک اور جناح اسپتال میں بھی متعدد مریض زیر علاج ہیں ۔ سول اسپتال کراچی کے ایم ایس ڈاکٹر کلیم بٹ نے بتایا کہ ان کے اسپتال میں پہلے تین مریض داخل تھے تاہم گزشتہ 24گھنٹوں کی دوران مزید چار مریضوں کو داخل کیا گیا ہے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دو مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ دیگر مریضوں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کرانے کے لئے بھیجے گئے ہیں تاہم انہوں نے بتایا کہ داخل مریضوں کی حالت بہتر ہے ۔

متعلقہ عنوان :