ڈاکٹرعافیہ صدیقی طبی اور نفسیاتی معائنے کیلئے ٹیکساس منتقل

جمعہ 3 اکتوبر 2008 16:35

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر۔2008ء) نیویارک کی عدالت کے حکم پر ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو طبی اور نفسیاتی معائنے کیلئے ریاست ٹیکساس منتقل کردیا گیاہے جس کے باعث پاکستانی پارلیمانی وفد کی متوقع ملاقات منسوخ کردی گئی۔پاکستانی سفیر حسین حقانی نے ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کو ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورٹھ کے فیڈرل میڈیکل سینٹر کارز ویل منتقل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

نیو یارک عدالت کے جج نے امریکی حکام اور محکمہ خارجہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی نفسیاتی حالت کے حوالے سے تیس دن کے اندر رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ معلوم کیا جائے کہ ڈاکٹر عافیہ عدالت کے سامنے اپنا دفاع کرسکتی ہیں یا نہیں۔دوسری طرف امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی نے امریکی محکمہ خارجہ سے ڈاکٹر عافیہ کو پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ پر پاکستان کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہوگا۔جبکہ پاکستان کے پارلیمانی وفد کی آئندہ چند روز میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متوقع ملاقات ان کی منتقلی کی وجہ سے منسوخ ہوگئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :