چین میں کروڑوں افراد تمباکو نوشی او ر دھوئیں کے باعث ہلاک ہوسکتے ہیں ،رپورٹ

اتوار 5 اکتوبر 2008 12:09

بیجنگ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین05 اکتوبر2008 ) ایک نئے جائزے میں کہا گیا ہے کہ چین تمباکو نوشی کو روکنے اور گھروں میں ایندھن جلانے کے خاتمے کے ذریعے اگلے 25 سال میں لگ بھگ تین کروڑ افراد کو موت کے منہ میں جانے سے بچا سکتا ہے۔ برطانوی طبی جریدے لانسٹ میں شائع ہونے والے اس مطالعاتی جائزے میں سانس کی بیماریوں پرتمباکو نوشی اور لکڑی اور کوئلے کے استعمال کے اثرات کاجائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

اس مطالعاتی جائزے کے مصنفین نے توقع ظاہر کی ہے کہ چین میں اگر موجودہ حالات برقرار رہے تو 2033 تک چین میں 8 کروڑ سے زیادہ افراد سانس کی بیماریوں کا شکار ہو کر ہلاک ہوجائیں گے۔چین میں پھیپھڑوں کا سرطان اور تپ دق اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔چین کے دیہاتوں میں کھانا پکانے اور گھروں کو گرم رکھنے کے لیے لکڑی ، کوئلے اور گوبر جیسے ایندھن کو جلانے کا عام رواج ہے۔چین میں لگ بھگ 35 کروڑ افراد تمباکونوشی کرتے ہیں جو ملک کی کل آبادی کا ایک چوتھائی اور دنیا بھر کے کل تمباکو نوشوں کی تعداد کا ایک تہائی حصہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :