Live Updates

حکمران طبقہ بیرون ممالک کے بینکوں میں جمع کروائی گئی دولت پاکستان میں منتقل کریں  عمران خان

جمعہ 17 اکتوبر 2008 20:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر۔2008ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ بیرون ممالک کے بینکوں میں جمع کروائی گئی دولت فوراً پاکستان میں منتقل کریں تا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے اور ملک کو در پیش معاشی بحران حل ہوسکے۔ملک میں پاکستانیت کے نام پر سیاست کرنے والوں کو بیرون ممالک بینکوں میں جمع پیسہ پاکستان میں لانا چاہیے۔

تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر زرداری سمیت تمام ایسے سیاستدان،بیوروکریٹس اور کاروباری حضرات جنہوں نے خطیر رقوم امریکہ،سوئٹزرلینڈ،دوبئی ،یورپی اور دیگر ممالک کے بینکوں میں جمع کروا رکھی ہیں ملکی معیشت میں بہتری لانے کے لئے پاکستانی بینکوں میں منتقل کریں۔

(جاری ہے)

بیرون ممالک پاکستانی اپنی رقوم پاکستانی بینکوں میں رکھنا چاہتے ہیں مگر حکمرانوں کی طرف سے عوام سے کئے گئے مختلف وعدوں سے انحراف کی وجہ سے انہیں حکمرانوں اور ان کی پالیسیوں پر اعتبار نہیں ہے اس لئے وہ ایسا نہیں کررہے۔

مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں سے سود پر قرضہ لینے کی بجائے اس دولت کو واپس لایا جائے جو بیرون ممالک میں رکھی گئی ہے۔ NABکی پرانی فائلوں میں بے شمار ایسے اکاؤنٹس ہولڈرز کی تفصیلات موجود ہیں جنہوں نے قومی پیسہ بیرون ممالک منتقل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے اور بجلی،پانی،گیس ،پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء خوردونوش پر بالواسطہ(ان ڈائریکٹ)ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر لادا جا رہا ہے۔

صرف پٹرول پر 34روپے فی لٹر ٹیکس ہے اور پٹرولیم مصنوعات پر سے سبسڈی بھی ہٹا دی گئی ہے جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ڈائریکٹ ٹیکسیشن اور اکانومی کو ڈاکومنٹ کرنے سے غریب سے بوجھ کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں سمیت آٹا،بجلی،تیل اور دیگر مسائل کے حوالے سے قومی اسمبلی کے ذریعے کوئی پالیسی ترتیب نہیں دی گئی۔وقت کی ضرورت ہے کہ ان کیمرہ بریفنگ کی بجائے مسائل کے حل کے لئے قوم کو شامل کیا جائے اور عوامی خواہشات اور امنگوں کے مطابق مسائل کے حل نکالے جائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات