صحت تعلیم اور سکیورٹی نہ ملنے کے باعث افغان مہاجرین واپس شمالی وزیرستان میں داخل ہونا شروع ہوگئے

اتوار 8 اکتوبر 2006 15:08

میران شاہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اکتوبر۔2006ء ) افغانستان میں صحت تعلیم اور سکیورٹی نہ ملنے کے باعث روزانہ درجنوں افغان مہاجرین واپس شمالی وزیرستان میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں اور انہوں نے مقامی سطح پر محنت مزدوری اور دیگر ذرائع سے آمدنی حاصل کرنا شروع کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شمالی اور جنوبی صوبوں سے درجنوں خاندان روزانہ شمالی وزیرستان آنا شروع ہوگئے ہیں ان افراد کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان کے مخدوش حالات کے باعث واپسی پر مجبور ہوئے ہیں کیونکہ وہاں صحت، تعلیم اور روزگار میسر نہیں ۔

جبکہ اتحادی اور افغان فوجی ہر شخص کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور معمولی بہانوں سے تنگ کیا جاتا ہے ۔اس لئے ہم واپس پاکستان آنے پر مجبور ہوئے ہیں معلوم ہواہے کہ ان میں اکثر لوگ غریب طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں جو افغانستان میں فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے تھے ۔

(جاری ہے)

شمالی وزیرستان آکر ان مہاجرین میں سے غریب لوگ محنت مزدوری جبکہ متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے کاروبار شروع کردیئے ہیں تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں جبکہ مقامی کاروباری حلقو ں نے ان کی آمد پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ان کا موقف ہے کہ افغان مہاجرین کی آمد سے ہمارے کاروبار بری طرح متاثر ہوئے لیکن ہم نے صبر کیا اور ہر قسم کی امداد فراہم کی ۔

مگر موجودہ صورت حال میں دوبارہ ان مہاجرین کا بوجھ برداشت کرنا ممکن نہیں ۔

متعلقہ عنوان :