متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت زلزلہ زدگان کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گی، وزیراعظم شوکت عزیز،زلزلہ زدہ علاقوں میں مفت تعلیم اوربہترسہولیات فراہم کر کے متاثرین کیلئے ملازمت کے مواقع یقینی بنائے جائیں گے، اسلام آباد اورمظفر آباد میں 50،50 مراکز برائے بحالی صحت قائم کئے جائیں گے، شوکت عزیز کا متاثرین زلزلہ میں امدادی چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

اتوار 8 اکتوبر 2006 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اکتوبر۔2006ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں مفت تعلیم اور بہتر سہولیات فراہم کر کے متاثرین کیلئے ملازمت کے مواقع یقینی بنائے جائیں گے، متاثرین کیلئے اسلام آباد اورمظفر آباد میں 50،50 صحت کی بحالی کے مراکزقائم کئے جائیں گے زلزلہ متاثرین کو تنہانہیں چھوڑا جائے گا بلکہ حکومت ان کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کو یہاں وزیاعظم ہاؤس میں متاثرین زلزلہ میں امدادی چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زلزلہ سے متاثرہ لعاقوں کے لوگوں کو مفت تعلیم اور سہولیات فراہم کر کے سرکاری اداروں میں ان کیلئے ملازمت کے مواقع یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرین زلزلہ کیلئے اسلام آباد اور مظفر آباد میں 50،50 بحالی مراکز قائم کئے جائیں گے اوران کی کمیونٹی بیسڈ بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اورسماجی بہبود کی وزارت متاثرین زلزلہ کی تمام ضرویات پوری کرنے کیلئے ہرمکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین کو کسی بھی مقام پر تنہا نہیں چھوڑے گی۔ شوکت عزیز نے کہا کہ 8 اکتوبر کا سانحہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین سانحہ تھا جس میں ہزاروں افراد شہید اور لاکھوں بے گھر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے جن کی بحالی کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

شوکت عزیز نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم نے جس حوصلے اور ہمت کا مظاہرہ کیاہے وہ قابل تحسین ہے اس سے ظاہر ہوگیا ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی ناگہانی آفت کا مقابلہ دلیری کے ساتھ کر سکتی ہے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ ہماری قوم میں ان کی ہمدردی کا جو جذبہ ہے دنیا نے اس کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم مشکل کی گھڑی میں متحد ہوجاتی ہے یہ بات قابل فخرہے جب ہم کسی کو تکلیف میں دیکھتے ہیں تو مدد کیلئے تمام اختلافات بھول جاتے ہیں۔ شوکت عزیز نے اس موقع پر متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کئے۔