لیموں کے نام سے فروخت ہونے والا مضر صحت ”جمیری“ مارکیٹ میں آگیا

پیر 9 اکتوبر 2006 17:38

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09اکتوبر2006) لیموں کے نام سے فروخت ہونے والا مضر صحت ”جمیری“ مارکیٹ میں آگیا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران پنجاب سے کراچی کے شہریوں کے لئے لیموں کی نقل ”جمیری“ کی پہلی کھیپ گزشتہ روز منڈی میں پہنچ گئی اور اس کی فروخت شروع ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

لیموں اور جمیری میں فرق پکڑنا عام افراد کے لئے مشکل ہے جبکہ ہمارا عملی تجربہ بتاتا ہے کہ جمیری اس اعتبار سے مضر صحت ہے کہ یہ انتہائی کھٹا اور ترش ہونے کی وجہ سے فوراً گلے میں خراش ڈالتا ہے جس کی وجہ سے بخار ہوتا ہے۔

جمیری چین اور پاکستان کے لیموں کی کراس نسل ہے۔ اس کا رنگ اور ظاہری شکل لیموں کی طرح پیلی اور ہری ہوتی ہے۔ اس کی پہچان یہ ہے کہ یہ سائز میں لیموں کی نسبت چھوٹا ہوتا ہے، اس کا چھلکا بہت باریک ہوتا ہے، یہ رس سے بھرا ہوتا ہے اور اس کی سب سے بڑی پہچان یہ ہے کہ اس کے اندر بیج بھی بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ قیمت کے اعتبار سے لیموں کی نسبت 40 سے 50 فیصد سستا ہوتا ہے، اسی لئے اسے لیموں کے نام پر بیچا جاتا ہے۔