آئندہ سال پاکستان اور افغانستان میں ایک ہی دن پولیو کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ،ترجمان وزارت صحت ۔۔ متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 91تک پہنچ گئی ، سرحد میں یہ تعد اد 37ہو گئی ،ڈبلیو ایچ او

اتوار 9 نومبر 2008 18:28

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09نومبر2008 ) پاکستان میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسزکے باعث آئندہ سال پاکستان اور افغانستان میں ایک ہی دن پولیو کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ،پولیو مہم کی تعداد بڑھا کر چھ کر دی گئی ،رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 91تک پہنچ گئی جبکہ صوبہ سرحد میں یہ تعد اد 37ہو گئی ہے ۔وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں پولیو کے مرض میں اضافے کے بعد پاکستان بھر کوپولیو کو بڑا خطر ہ سمجھا جا رہا ہے اس بیماری سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں حیران کن اضافے کے پیش نظر آئندہ برس پاکستان اور افعانستان میں ایک ہی دن پولیو کے قطرے پلانے کی مہم چلانے اور انسداد پولیو مہم کی تعداد بڑھا کر چھ کا فیصلہ کیا گیا ہے تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ناقابل رسائی علاقوں سے آنے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق سوات باجوڑ ، کرم ایجنسی ، ملاکنڈ ریجن اور پارہ چنار میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہونے اور افغان مہاجرین کی نقل و حمل سے پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد میں اضافے کی بڑی وجہ ہیں اور گذشتہ ایک سال سے پولیو کے خلاف ان علاقوں میں مہم نہیں چلائی گئی ہے جس سے سات لاکھ بچے قطرے پلانے سے محروم رہ گئے ہیں ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ روان سال پولیو کیسز کی تعداد 91ہو گئی ہے اس سال صرف سرحد میں اس بیماری سے 37 بچے متاثر ہوئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کے مطابق 2007ء کے دوران پاکستان میں پولیو وائرس سے 32بچے متاثر ہوئے تھے تاہم رواں سال کے گیارہ ماہ میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 91ہو گئی ہے جو ایک خطر ناک صورت حال ہے ۔