Live Updates

ڈاکٹرز کو کروڑوں نہیں اربوں روپے دینے کیلئے تیار ہوں انہیں بھی حقیقی معنوں میں مسیحا بننا ہوگا ‘میاں شہبازشریف ۔۔۔پولیو کیوجہ سے 4بچوں کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے ‘عوام کے مسائل کے حل کیلئے 25گھنٹے موجود ہوں ‘تقریب سے خطاب

ہفتہ 15 نومبر 2008 14:59

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین15نومبر2008 ) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایک شخص کچھ نہیں کر سکتا اور وزیر اعلی کیا کیا کرے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ‘حکومت ڈاکٹرز کو کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے دینے کیلئے تیار ہے مگر انہیں حقیقی معنوں میں مسیحا بننا ہو گا ‘پولیو کی وجہ سے 4بچوں کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے ہم سب کو یہ محسوس کرنا ہوگا کہ یہ ہمارے بچے ہیں ‘عوام کے مسائل کے حل اور ڈاکٹرز کیلئے 24گھنٹوں میں سے 25گھنٹے موجود ہوں ‘دنیا کے نقشے سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے ہمیں پاکستان میں بھی اس کو دفن کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمراء میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام پولیو کے خاتمے کے حوالے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ ‘ڈویژنل کمشنرز ‘ڈی سی اوز ‘ای ڈی اوز اور محکمہ صحت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان اگر تمام تر حالات کے باوجود ایٹمی طاقت بن سکتا ہے تو پھر یہ ہر شعبے میں بہتری لانے کے قابل بھی ہے لیکن یہ کام کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس اور اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گالیڈر شپ صرف راستے دیکھاتی اور مثال قائم کرتی ہے لیکن اگر کوئی یہ کہہ دے کہ سب کام ایک فرد نے کرنے ہیں تو یہ ممکن نہیں اس کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا پڑتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی طرف سے تحفہ میں دیئے گئے ضلعی نظام کی نااہلی کی وجہ سے ہی پاکستان میں پولیو ختم ہونے کی بجائے اس کے کیسز سامنے آئے ہیں لیکن موجودہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ہمیں حملہ آور ہونے والے پولیو کو ہمیشہ کیلئے پاکستان میں دفن کرنا ہوگا اور اس وجہ سے جو ہلاکتیں ہوئی ہیں مجھے اس پر بھی انتہائی افسوس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی حالت انتہائی خراب ہے لیکن میں خود دورے کر کے ان کی ناصرف حالت کو بہتر بنا رہا ہوں بلکہ مریضوں کو بھی تمام سہولتیں دینے کی کوشش کی جا رہی ہے میں ڈاکٹرز سے پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور اب بھی کہتا ہوں کہ میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے دینے کیلئے تیار ہوں لیکن اس کیلئے ان کو بھی حقیقی معنوں میں مسیحا بننا ہو گا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات