پنجاب کے مختلف علاقوں میں ڈینگی بخار سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد17 ہوگئی ، بارش کے بعد ڈینگی وائرس کا خاتمہ ہوجائے گا ، حکام محکمہ صحت

پیر 24 نومبر 2008 12:28

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 24نومبر 2008 ء) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ڈینگی بخار سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سترہ ہوگئی محکمہ صحت کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بارش کے بعد ڈینگی وائرس کا خاتمہ ہوجائے گا۔ لاہور میں ڈینگی وائرس میں مبتلا ایک اور مریض چل بسا، 32 سالہ اسد علی چوبرجی کے علاقے کا رہائشی تھا جو تین روز تک سروسز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔

پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید64 مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل کرائے گئے جن کے خون میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد 1800تک پہنچ گئی ہے ڈینگی فیور کے سب سے زیادہ مریض لاہور کے مختلف علاقوں سے ہسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں جن کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی اور ملتان میں مجموعی طور پر ڈینگی کے سات مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی مقرر کردہ اسپرے ٹیمیں نہیں پہنچیں جس سے ان علاقوں کے عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق سردی بڑھتے ہی ڈینگی مچھر کم ہوجائیگا جبکہ بارش ہونے سے یہ موذی وائرس مکمل طو رپر ختم ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :