ہسپتالوں میں ادویات کی مد میں گھپلوں کی نشاندہی پر روکے جانے والے فنڈز میں سے 25فیصد کے استعمال کی اجازت دے دی گئی

بدھ 26 نومبر 2008 18:01

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین26نومبر2008 ) ہسپتالوں میں ادویات کی مد میں گھپلوں کی نشاندہی پر روکے جانے والے فنڈز میں سے 25فیصد کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ 34ہزار نئے اساتذہ بھرتی کیے جارہے ہیں جنہیں ان کے گھروں کے قریب تعینات کیا جائے گا۔ آئندہ ہفتے وزیر اعلیٰ پنجاب 80اچھے افسران کو پولیس کے اہم عہدوں پر تعینات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجاب جاوید محمودنے گزشتہ روز ایک بریفنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ادویات کی مد میں گھپلوں کی تحقیقات کے لیے ہسپتالوں کے فنڈ روکے تھے لیکن عوامی مشکلات کے پیش نظر سیکرٹری ہیلتھ کو ان میں سے 25فیصد فنڈز کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کی سہولت بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کے لیے فیصل آباد کے آٹھ بازاروں میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کی تجویز زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

چیف منسٹر انکروچمنٹ پر کسی قسم کی نرمی کرنے کے روادار نہیں اور پنجاب لیول پر تاجروں کا اعتماد میں لے کر مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری و نجی املاک پر قابض افراد اور گروہوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جارہا ہے جبکہ لاہور کی طرح ملک بھر میں ہورڈنگ کی نیلامی کی جائے گی تاکہ قومی خزانے کو فائدہ پہنچے۔ تمام پولیس حکام کے دفاتر میں کمپلینٹ سیل قائم کیے جارئیں گے۔

سستی روٹی سکیم پر کروڑوں کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کے رول سے آگاہ ہے اور اس کی قدر کرتی ہے۔ اس موقع پر کمشنر فیصل آباد زاہد سعید اور ڈی سی او سعید واہلہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں چیف سیکرٹری نے ٹوبہ اور جھنگ کے ڈی سی اوز سے بھی میٹنگ کی جس کے دوران منشیات کی لعنت کے سدباب کے لیے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔