بالی ووڈ،اجے دیو گن اور سلمان خان کو سگریٹ نوشی کرنے پر جرمانے کی سزا

پیر 12 جنوری 2009 13:11

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔12جنوری 2009 ء) بالی ووڈ کے ستارے سلمان خان اور اجے دیوگن ان دنوں پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کے باعث اخبار کی زینت بنے ہوئے ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چندی گڑھ میں ایک فلم کی شوٹنگ کے لئے آئے ہوئے بھارتی ادکار سلمان خان اور اجے دیوگن نے سگریٹ نوشی پر سخت پابندی کی خلاف ورزی کی جس پر وہا ں کی پولیس نے انہیں نوٹس جاری کردیا ۔

دونوں اداکاروں سلمان اور اجے کو تین دنوں میں پانچ نوٹس جاری کئے جانے کے بعد دوسو روپے جرمانہ ادا کرنا پڑا ۔ پہلے نوٹس کا سامنا اجے دیوگن کو کرنا پڑا کہ جب وہ چندی گڑھ ایئر پورٹ سے باہر آئے تو انہوں نے سگریٹ جلائی جسے وہاں کے ایک صحافی نے کیمرے میں قید کرلیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے ان کوسگریٹ نوشی کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ۔

(جاری ہے)

دوسری دفعہ موہالی کے علاقے کورالی میں واقع ریلوے اسٹیشن پر دونوں کو سگریٹ نوشی کرتے دیکھا گیا جس پرانہیں ایک بار پھر جرمانہ ادا کرنا پڑا اس طرح سے انہیں دو دنوں میں دو مرتبہ اس پابندی کا سختی سے سامنا کرنا پڑا ۔ برننگ برین سوسائٹی کے چیئرپرسن ہیمنت گوسوامی نے کہا کہ دونوں اداکاروں نے سیکشن فورایکٹ2006 کے تحت سگریٹ نوشی پرپابندی کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں پولیس کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا اورانہیں جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ پندرہ جولائی2007 کو چندی گڑھ کو مکمل طور پر سگریٹ نوشی سے پاک شہر بنانے کے لئے سخت پابندی عائد کی جاچکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :