عالمی برادری فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرے،ایران،متاثرین غزہ کیلئے خوراک وادویات لینے والے ایرانی بحری جہاز کو غزہ سے 20 میل دور روکا لیا گیا

بدھ 14 جنوری 2009 13:06

تہران(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔14جنوری 2009 ء) ایران نے غزہ پر اسرائیل کی طرف سے کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرے۔ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ ایران غزہ پر اسرائیل کی طرف سے فاسفورس کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جنیوا کنونشن کے تحت فاسفورس گیسوں کا استعمال منع ہے لیکن اسرائیل معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایسا اقدام کر رہا ہے۔ بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی جانچ پڑتال کیلئے ایک تحقیقاتی ٹیم بھیجے۔ دوسری طرف ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متقی نے دنیا بھر کے ممالک خاص طور پر عرب اور مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے اسرائیل پر دباوٴ ڈالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی مذمت کیلئے تمام ممالک اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کر لیں۔ منوچہر متقی نے موریطانیہ اور وینزویلا کی جانب سے اسرائیلی سفارتکاروں کو ملک سے نکال دینے کے عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دیگر ممالک کو بھی ایسا کرنا چاہئے۔ دریں اثناء ایران کے سرکاری ریڈیو نے ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کی امداد لے کر جانے والے ایرانی بحری جہاز کو روک لیا۔ایرانی بحری جہاز کو غزہ سے 20 میل دور روکا گیا، یہ بحری جہاز 13 روز قبل ایرانی بندرگاہ عباس سے روانہ ہوا تھا۔ جہاز میں خوراک اور ادویات ہیں جسے اسرائیلی حملوں سے متاثرہ فلسطینیوں کی مدد کیلئے لے جایا جا رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :