جمہوریت کو نقصان پہنچا تو ذمہ داری حکمران طبقہ پر ہوگی،نواز شریف،بھارت پاکستان پر حملہ نہیں کرسکتا،وفد سے بات چیت

ہفتہ 17 جنوری 2009 15:57

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جنوری۔2009ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری حکمران طبقہ پر ہوگی ملک کو بیرونی خطرات کے پیش نظر پوری قوم کو متحد ہوکر بھارت اور ملک دشمنوں کامقابلہ کرنا چاہیے پنجاب بارکونسل کے ممبر ملک محمد ارشد اور ان کے والد ملک محمد رمضان کی قیادت میں مسلم لیگی کارکنوں کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ بے نظیر بھٹو سابق وزیراعظم کے میثاق جمہوریت کے معاہدہ پر عمل نہ کرکے حکمران نہ صرف عوامی مینڈیٹ کی توہین کررہے ہیں بلکہ اپنی لیڈر کی روح کو بھی تڑپارہے ہیں اور جو قومیں معاہدوں پر عمل نہیں کرتی تو ان قوموں پر دنیا کا اعتبار اٹھ جاتا ہے اور وہ دنیا میں تنہا ہوجاتی ہیں انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن عدلیہ کی بحالی اور سترہویں ترامیم کے خاتمہ کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی کیونکہ اگر عدلیہ کی آزادی نہ ہوئی تو ملکی سرحدیں بھی غیرمحفوظ رہیں گی انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پرحملہ کی جرات نہیں کرسکتا کیونکہ پوری قوم بھارت کے خلاف ڈٹ کرمقابلہ کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سترہویں ترمیم کو فی الفور ختم کرنے کیلئے حکمران میثاق جمہوریت اور بھوربن کے معاہدوں کی پاسداری کا اعلان کریں۔