حکومت درپیش اقتصادی چیلنجوں پر کامیابی سے قابو پالے گی ،وزیراعظم گیلانی،حکومت انسانی وسائل ،صحت کے شعبہ ،توانائی اور بینکاری کے شعبوں کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنائے گی ،بات چیت

بدھ 21 جنوری 2009 12:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔21جنوری 2009 ء) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ملک کی معاشی ترقی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت درپیش اقتصادی چیلنجوں پر کامیابی سے قابو پالے گی۔وزیر اعظم نے اسلام آباد میں مشیر خزانہ شوکت ترین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انسانی وسائل ،صحت کے شعبہ ،توانائی اور بینکاری کے شعبوں کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مجموعی اقتصادی صورتحال کے استحکام اور افراط زر پر کنٹرول کے لیے اقتصادی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔اس موقع پر شوکت ترین نے وزیر اعظم کو چھ ماہ کے اقتصادی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار دوستانہ پالیسیاں اور سخت اقتصادی اقدامات کے باعث نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے بلکہ دسمبر کے مہینے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ تجارتی اور مالی صورت حال اور ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آرہی ہے۔