ماہرین نے لاکھوں کمپیوٹرز کو متاثر کرنے والے وائرس کے دوسرے حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا

پیر 26 جنوری 2009 12:37

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔26جنوری 2009 ء) ماہرین نے لاکھوں کمپیوٹرز کو متاثر کرنے والے وائرس کے دوسرے حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ چوبیس گھنٹوں میں ایک ملین سے زائد کمپیوٹروں کو متاثر کرنے والا یہ وارم اب تک چالیس لاکھ کمپیوٹروں کو متاثر کر چکا ہے جبکہ انٹرنیٹ سیکورٹی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ باٹ نیٹ وارم آئندہ چند دنوں میں نوے لاکھ کمپیوٹروں کو متاثر کر دے گا۔

یہ وارم ونڈوز بیس کمپیوٹروں کو متاثر کر رہا ہے جبکہ نیا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز وسٹا بھی اس سے محفوظ نہیں رہ سکتا۔ مائیکرو سافٹ نے وارم سے بچاوٴ کے لئے اپنی ویب سائٹ پر اینٹی وائرس جاری کر دیا ہے تاہم اس وارم کو روکنے میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کی جا سکی۔ کمپیوٹر ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں اس وارم کا دوسرا حملہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ وارم ایک بار لکھا جاتا ہے اور اس کا تیز پھیلاوٴ بذریعہ انٹرنیٹ ہی ممکن ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس باٹ نیٹ وارم کا تخلیق کار ایک اچھا سیکورٹی ماہر ہے اور اس وارم کے ذریعے متعدد ویب سروسز اور آن لائن سسٹمز کو نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔ بین الاقوامی تحقیقی ادارے ایف سیکیور اور مختلف اینٹی وائرس کمپنیوں نے اس وارم کی تصدیق کر دی ہے۔ سائمینٹک اینٹی وائرس کے مطابق گزشتہ چھ سالوں میں اس قسم کا وارم سامنے نہیں آیا۔