کراچی میں ڈنگی وائرس وبائی صورت اختیار کرتا جارہا ہے۔ مریضوں کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی

پیر 16 اکتوبر 2006 15:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر۔2006ء) کراچی میں ڈنگی وائرس وبائی صورت اختیار کرتا جارہا ہے ایک نجی اسپتال میں چھ خواتین اور دو بچوں سمیت ڈنگی وائرس سے متاثرہ ایک سو اکیاسی مریضوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کیاگیا ہے۔ جس کے بعد مریضوں کی تعداد آٹھ سو سینتیس ہوگئی ہے جبکہ ڈنگی وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد انیس ہے۔

ڈنگی وائرس کا جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد اور بیرون ملک سے طبی ماہرین کی ٹیمیں کراچی پہنچ گئی ہیں اورانہوں نے مختلف اسپتالوں میں متاثرہ مریضوں کا معائنہ کرنے کے علاوہ ایسے علاقوں کا بھی دورہ کیا۔ طبی ماہرین نے ڈنگی وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا ہے ۔ناظم کراچی سید مصطفی کمال نے شہر کے مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا اور اسپتالوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ ڈنگی فیور کی تشخیص کیلئے لیبارٹریز ٹیسٹ ،پلیٹ لیٹ لگانے کے اخراجات مریضوں سے پچاس فیصد وصول کریں اوربقیہ پچاس فیصدصوبائی حکومت کے ساتھ شہری حکومت بھی ادا کریگی۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت شہریوں اور خصوصاًتعلیمی اداروں میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے معلوماتی لٹریچر تقسیم کرے گی ،واضح رہے کہ ڈنگی فیور کی وبا کراچی کے علاوہ حیدرآباد ،شکار پور اور سکھر میں بھی پھیلنا شروع ہوگئی ہے اوران شہروں میں مریضوں کے اسپتالوں میں داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :