کپاس کوبیماریوں سے بچانے کیلئے چھڑیاں اورکچرا تلف کر دیئے جائیں‘زراعت افسر کا ٹریننگ پروگرام سے خطاب

جمعرات 5 مارچ 2009 16:03

اٹھارہ ہزاری(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔05مارچ 2009 ء) زراعت آفیسر اٹھارہ ہزاری مہر ناصر عباس سیال نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل کو کیڑوں اور بیماریوں کے خطرات سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ گزشتہ فصل کی چھڑیاں تلف کر دی جائیں اور کچرا کو آگ لگا کر جلا دیا جائے اس کے علاوہ ملی بگ پر کڑی نظر رکھیں گزشتہ روز موضع کلیار والا میں ڈیرہ حاجی غلام علی کلیار اور موضع لشاری میں منیر حسین لشاری کے ڈیرہ پر فارمنگ ٹریننگ پروگرامز میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے صاف رکھیں گندم میں سست تیلہ کے حملہ کی صورت میں کھیتوں پر رسی پھیریں انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب گندم کا پیداواری مقابلہ منعقد کروا رہی ہے اس سلسلے میں پانچ ایکڑ کا پیداواری پلاٹ منتخب کیا جائے گا ہر یونین کونسل کی سطح پر مقابلے ہوں گے اور مرکز میں پہلے نمبر پر آنے والے کاشتکار کو انعام میں ٹریکٹر دیا جائے گا مہر ناصر عباس سیال نے مزید کہا کہ گندم کی پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کے خواہش مند کاشتکار اپنی یونین کونسل کے فیلڈ آفیسر فیلڈ اسسٹنٹ سے رابطہ کر کے اپنی رجسٹریشن کرائیں ان فارمرز ٹریننگ پروگرامز میں کاشتکاروں زمینداروں کی بڑی تعداد شریک تھی-