گاندھی کی عینک اور دیگر اشیاء 18لاکھ ڈالر میں نیلا م

جمعہ 6 مارچ 2009 15:53

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ ۔2009ء) بھارتی رہنما مہاتما گاندھی کی عینک اور دیگر اشیاء اٹھارہ لاکھ ڈالر میں نیلام کردی گئیں تاہم فوری طور پر نیلام کی گئی اشیاء کی ڈیلیوری روک دی گئی ہے۔ نیویارک کے ایک نیلام گھر نے آنجہانی بھارتی رہنما کے زیر استعمال اشیاء جو ایک تاجر فروخت کیلئے لایا تھا ،اٹھارہ لاکھ ڈالر میں نیلام کی گئیں۔

نیلام گھر والوں نے کہا کہ قانونی تنازع کے باعث فروخت کی گئی اشیاء دو ہفتے بعد خریدار کو دی جائیں گی۔ بھارتی حکومت نے نیلام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کی عینک ، چپلیں ، جیبی گھڑی ، پیالہ اور پلیٹ قومی ورثہ ہیں۔ نیلامی میں کامیاب بولی دینے والے بھارتی تاجر دی جے مالیا نے کہا کہ وہ تمام تاریخی اشیاء بھارت واپس لے جا کر اپنے وطن کو بطور عطیہ پیش کردے گا ۔

(جاری ہے)

ایک اور اطلاع کے مطابق مہاتما گاندھی سے منسوب اشیاء کا ذخیرہ رکھنے والے ایک شخص جیمزاوٹس نے دعوی کیا ہے کہ اس کے پاس گاندھی کو جلائے جانے کے بعد اس کی راکھ اور ان کے قتل کی جگہ گرنے والے ان کے خون کے چند نمونے بھی محفوظ ہیں۔ جیمزاوٹس نیویارک میں نیلامی کیلئے مہاتما گاندھی کی گھڑی، عینک، پلیٹ، پیالہ اور جوتوں کا جوڑا بھی منظر عام پر لایا تھا لیکن اب اس نے ان اشیاء میں گاندھی کے خون کے نمونے بھی شامل کر لئے ہیں جس کی تصدیق نئی دہلی کے ارون اسپتال کے سرٹیفکیٹس بھی موجود ہیں۔

اس کے علاوہ جیمز نے گاندھی کی راک اور ان کے ہاتھوں دستخط کردہ ایک ٹیلی گرام بھی رکھنے کا دعوی کیا ہے، جس میں گاندھی نے طالب علموں کو تحریک آزادی کیلئے پرامن جدوجہد پر مبارکباد تھی۔ مہاتما گاندھی کی مذکورہ اشیاء کی نیلامی اور بھارتی حکومت کی برہمی کے باعث معاملہ میڈیا کے ہاتھ آنے کے بعد ان اشیاء کی نیلامی کی قیمت بہت بڑھ چکی ہے جبکہ بھارتی حکومت نے کچھ بھی کر کے گاندھی سے موسوم یہ اشیاء حاصل کرنے کی ٹھان لی ہے۔

متعلقہ عنوان :