حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں10سے20فیصداضافے کی اجازت کے بعد میڈیکل اسٹورز پر 10 سے 40 فیصد تک کا اضافہ

پیر 9 مارچ 2009 15:22

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔09مارچ 2009 ء)وزارت صحت کی جانب سے مقامی وکثیر الاقوامی ادویہ سازکمپنیوں کوادویات کی قیمتوں میں10 سے20 فیصد اضافے کی اجازت کے بعد میڈیکل اسٹورز پر ادویات کی قیمتوں میں10 سے 40 فیصد تک اضافہ ہوگیاہے جبکہ جان بچانے والی ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت کے اعلان سے قبل ہی میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا اور اب حکومت کے اعلان کے بعد دواوٴں کی قیمتیں مزید بڑھا دی گئی ہیں جبکہ بعض جان بچانے والی ادویات مارکیٹ سے غائب ہیں۔

مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے سے عام ادویات جس میں باسکوپین کی 100گولیوں کا پیکٹ جو پہلے 140روپے کا تھا اب 200روپے میں مل رہا ہے ، سیپٹران سیرپ اب 13روپے سے بڑھ کر21روپے کا ہوگیا ہے ،ذرائع کے مطابق بہت سی جان بچانے والی ادویات مارکیٹ سے غائب ہیں ،ذرائع کے مطابق روپے کی قدر میں کمی اور پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث لوکل اور ملٹی نیشنل ادویہ ساز کمپنیوں نے حکومت سے قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد وزارت صحت نے ادویات کی قیمتوں میں دس سے بیس فیصد اضافے کی اجازت دی تھی۔