اپریل کے پہلے ہفتے نئی ہیلتھ پالیسی لائی جائے گی ، وزیرصحت،گردوں سمیت انسانی اعضاء کی فروخت روکنے کیلئے قانون سازی کی جائیگی ، توجہ دلاؤ نوٹس کاجواب

جمعرات 12 مارچ 2009 14:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ ۔2009ء)وفاقی وزیر صحت میر اعجاز جاکھرانی نے کہا ہے کہ اپریل کے پہلے ہفتہ نئی ہیلتھ پالیسی لائی جائے گی  گردوں سمیت انسانی جسم کے دیگراعضاء کی فروخت کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے اور اس سے متعلقہ ادارہ ”ہوتا“ کو بھی مزید فعال بنایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی اسمبلی میں متعدد رکن قومی اسمبلی کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہیلتھ پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جو تمام فریقین کے ساتھ مشاورت کے بعد اپریل کے پہلے ہفتہ میں نئی ہیلتھ پالیسی ایوان میں پیش کردی جائے گی ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ گردوں سمیت انسانی اعضاء کی فروخت کی روک تھام کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور مزید برآں قانون سازی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ انسانی اعضاء کی فروخت کے حوالے سے وزارت صحت کا متعلقہ ادارہ ”ہوتا“ غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے اور ذمہ دار افراد کو سخت سزا دی جائے گی۔