زکام اور فلو سے بچنے کے لیے وٹامن ڈی استعمال کریں،سائنس دان

جمعرات 16 فروری 2017 13:03

زکام اور فلو سے بچنے کے لیے وٹامن ڈی استعمال کریں،سائنس دان
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء)سائنس دانوں نے کہا ہے کہ وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ سے برطانیہ میں ہر سال 30 لاکھ لوگوں کو زکام اور فلو سے بچایا جا سکتا ہے۔وٹامن ڈی صحت مند ہڈیوں کے لیے ضروری ہے، لیکن یہ مدافعتی نظام کی نشو و نما میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ خوراک میں وٹامن ڈی کا اضافہ کرنا چاہیے۔

تاہم پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے مطابق انفیکشن کے خلاف وٹامن ڈی کے موثر ہونے کے اعداد و شمار فیصلہ کن نہیں ہیں، البتہ اس نے بھی سپلیمنٹ کی تجویز دی ہے۔وٹامن ڈی انفیکشن پر قابو پانے میں کتنا موثر ہے، اس سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے سائنس دانوں نے 11321 لوگوں پر کیے گئے 25 مختلف تجرباتی مطالعہ جات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کوین میرن یونیورسٹی آف لنڈن کی ٹیم نے نظامِ تنفس کے انفیکشنز پر تحقیق کی، جن میں معمولی زکام سے لے کر نمونیا جیسے انفیکشن شامل ہیں۔

معلوم ہوا کہ مجموعی طور پر وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ استعمال کرنے والے ہر 33 شخص میں سے ایک کو انفیکشن سے نجات مل سکتی ہے۔یہ نتائج فلو کی ویکسین سے بہتر ہیں، جو ہر 40 مریضوں میں سے ایک پر کارگر ہوتی ہے۔اس کے علاوہ روزانہ یا ہفتہ وارانہ وٹامن ڈی استعمال کرنے کے اضافی فوائد بھی ہیں۔تحقیق کار پروفیسر ایڈرین مارٹینو نے کہا ہے کہ برطانیہ کی آبادی ساڑھے چھ کروڑ ہے، جن میں سے 70 فیصد کو ہر سال نظامِ تنفس کا کم از کم ایک انفیکشن لاحق ہوتا ہے۔ روزانہ وٹامن ڈی کی خوراک کا مطلب ہے کہ ساڑھے 32 لاکھ لوگ سالانہ کم از کم ایک انفیکشن سے بچے رہیں گے۔