شہنشائے غزل مہدی حسن کی طبعیت سنبھل گئی

جمعہ 20 مارچ 2009 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ ۔2009ء) شہنشائے غزل مہدی حسن کی طبعیت سنبھل گئی، انہیں آئندہ چند دنوں میں اسپتال سے رخصت کردیا جائے گا۔ آغا خان اسپتال میں زیر اعلاج مہدی حسن کے معالج خاص ڈاکٹر عزیز سونا والا نے عارف مہدی اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مہدی حسن کی عمر اسی برس ہوچکی ہے انھیں نہایت کمزوری اور انفکشن کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے بھرپور توجہ سے علاج کیا،گھر پر مکمل دیکھ بھال کے لئے ایک نرس کا انتظام کردیا گیا ہے، قوم کی دعائیں رہیں تو وہ بہت جلد مکمل صحت یاب ہوجائیں گے۔

مہدی حسن کے صاحبزادے عارف مہدی نے اسپتال انتظامیہ اور حکومت سندھ کی مالی معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کے علاج پر اب تک تیرہ لاکھ روپے کے اخراجات آچکے ہیں جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے دیا گیا چیک بونس ہوگیا جس سے مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دیگر فنکاروں کے علاج کے لئے بھی سرکاری سرپرستی کی ضرورت پر زور دیا۔ ساٹھ اور ستر کی دہائیوں میں پاکستان فلم انڈسٹریز پر راج کرنے والے مشہور ترین پلے بیک گلوکار مہدی حسن کو آج اسپتال سے رخصت کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم گزشتہ شب ان کی حالت میں خرابی کے باعث ڈاکٹرز نے مذید دو دن تک اسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔