فرینڈز آف پاکستان سے 4 سے 6 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے، مشیر خزانہ، جرمن حکومت کی جانب سے پاکستان کو تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کیلئے 80 ملین یورو کی امداد کی فراہمی کا اعلان

جمعہ 3 اپریل 2009 13:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2009ء) مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ فرینڈز آف پاکستان کی ٹوکیو میں منعقد ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں پاکستان کو مختلف ملکوں اور امدادی اداروں سے تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر اور آبی وسائل کے لئے چار سے چھ ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے ۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں جرمن وزیر برائے اقتصادی ترقی اور تعاون میڈمیری ورزورک زوئیل کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔

ان کا کہنا تھا کہ فرینڈز آف پاکستان کے ٹوکیو میں ہونے والے اجلاس میں دوست ممالک کو اپنی ضروریات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر جرمن وزیر برائے اقتصادی ترقی اور تعاون میڈمیری ورزورک زوئیل نے جرمن حکومت کی جانب سے پاکستان کو تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لئے اسی ملین یورو کی امداد کی فراہمی کا اعلان کیا ، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جرمنی ہر سطح پر پاکستان کی مدد کرتا رہے گا ۔

(جاری ہے)

امریکی ڈرون حملوں کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہ قبائلی علاقوں میں فوجی طاقت کے استعمال کی بجائے وہاں سماجی اور معاشی ترقی پر توجہ دی جانی دینی چاہئے ،نیوزکانفرنس سے قبل صوبہ سرحد میں نو ملین یورو سے زیر تعمیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بیس ملین یورو کی آخری قسط کے اجراء کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :