وائرل ہیمبرک فیور کے مزید تین مریض اسپتالوں میں داخل

جمعرات 19 اکتوبر 2006 17:53

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19اکتوبر2006) کراچی کے مختلف نجی اور سرکاری اسپتالوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 30 مریضوں کو داخل کیا گیا ہے جبکہ 49 افراد کو صحت یاب ہونے پر اسپتالوں سے رخصت کردیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کی ڈینگی فیور سروائلینس کمیٹی کے آپشنل پرسنل ڈاکٹر عبدالماجد نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مختلف نجی اور سرکاری اسپتالوں میں داخل وائرل ہیمبرک فیور سے متاثرہ 49مریضوں کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے رخصت کردیاگیا ہے جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مختلف نجی و سرکاری اسپتالوں میں وائرل ہیمبرک فیور کے مزید 30مریضوں کو داخل کیا گیا ہے ۔

ادھر ڈینگی فیور کی مفت تشخیص کے لئے سروسز اسپتال کراچی کی لیبارٹری میں مزید 6نمونے وصول کئے گئے ہیں تاہم سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے صوبائی پروگرام منیجر ڈاکٹر زاہد انصاری کا کہنا ہے کہ ڈینگی فیور کی تشخیص میں استعمال ہونے والی ایک کٹ میں 96نمونے لگائے جاتے ہیں اس لئے اتنی تعداد میں نمونے جمع ہونے کے بعد ہی تمام ٹیسٹ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے مریض بھی اپنے نمونے تھرماس میں برف کے ساتھ رکھ کر سروسز اسپتال کراچی کی لیبارٹری میں بھیج سکتے ہیں ۔