نابیناؤں کا تیسراعالمی کرکٹ کپ یکم سے 16دسمبر تک اسلام آباد میں ہوگا،آٹھ ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی،حکومت کھیلوں سمیت تمام صحت مندانہ سرگرمیوں کی مکمل سرپرستی کرے گی،محمد علی درانی

جمعرات 19 اکتوبر 2006 22:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2006ء) تیسرا ورلڈ کپ کرکٹ فار دی بلائنڈ یکم دسمبر سے 16دسمبر تک اسلام آباد میں ہوگا جس میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی پاکستان اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا ورلڈ بلائینڈ کرکٹ کونسل اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام اس میگا ایونٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی جمعرات کی شب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئر مین آغا شوکت علی،ورلڈ کپ کے ایونٹ منیجر سید سلطان شاہ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔

اس موقع پر بتایا کہ تیسرا ورلڈ کپ کرکٹ فار بلائنڈ یکم دسمبر سے اسلام آباد کے مختلف کرکٹ راؤنڈ میں کھیلا جائیگا جس میں بھارت،سری لنکا،پاکستان،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ،انگلینڈ،ویسٹ انڈیز اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہاکہ یہ پہلا موقع نہیں کہ میں بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے کسی پروگرام میں شرکت کررہا ہوں جب میں وزیرصحت برائے کھیل و ثقافت تھا تو اس وقت بھی اس کے تمام پروگراموں میں ضرور شرکت کررہا انہوں نے کہاکہ دل کی آنکھ عام آنکھوں سے زیادہ حساس ہوتی ہے اور وہ لوگ جو دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہیں وہ اپنے دل کی آنکھ سے دیکھتے ہیں ان کی گفتگو کے اندر ایک انا اور ایک وقار ہوتا ہے انہوں نے کہاکہ یہ لوگ معاشرے میں خصوصی مقام رکھتے ہیں ایک صلاحیت سے محروم یہ افراد جب درد مندی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں تو بھرپور کامیابیاں حاصل کرتے ہیں پاکستانی بلائنڈ ٹیم ورلڈ کپ کی دفاعی ٹیم ہے جو اپنے فائنل کا دفاع کرے گی انہوں ن کہاکہ وزارت اطلاعات بلائنڈ کرکٹ کے فروغ کے لئے اپنی مکمل سپورٹ فراہم کرے گی جبکہ صدرمملکت جنرل پرویز مشر ف اور وزیراعظم شوکت عزیز سے بھی بلائنڈ کرکٹ کی ملاقات کرائی جائے گی انہوں نے کہاکہ بلائنڈ کرکٹر ز نے اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے یہ پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے وزیراطلاعات نے کہاکہ حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ ہم اس ملک میں کھیل سمیت دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں کوفروغ دیں ہم اس پر کام کررہے ہیں اور اس پالیسی کا زنگی کے تمام شعبوں میں نفاذ یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں ہم قائد اعظم کے پاکستان میں رہنے والے ہر فرد کو بلا امتیاز مواقع فراہم کرنے کا عزم رکھا ہے یہ ملک طرف اختیار رکھنے والوں کانہیں بلکہ اس میں رہنے والوں کا ہے انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب اس ملک میں رہنے والا قانون کا مکمل تابع ہوگا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر آغا شوکت علی نے بتایا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ نابینا افراد کا تیسرا عالمی کپ پاکستان میں منعقد ہورہا ہے پاکستان میں بلائنڈ کرکٹ کی بنیاد 1997ء میں رکھی گئی جس کے بعد قومی ٹیم نے 1998ء کے ورلڈکپ میں حصہ لیا اور رنر اپ رہی جبکہ 2002ء کے ورلڈ کو جیت کر عالمی چیمپیئن بن گئی انہوں نے کہاکہ پاکستان بلائنڈ ٹیم نے مختلف ملکوں کا دورہ کیا اور اب تک ایک کے علاوہ تمام سیریز میں کامیابی حاصل کی انہوں نے کہاکہ نابیناؤں نے خود اس کرکٹ کو شروع کیا ہم نے بھارت سے محروم ہونے کے باوجود ہمت نہیں ہاری کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سرزمین پر ہم سب کا کچھ حق ہے جس کو ہم نے ادا کرنا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ تیسرے ورلڈ کپ کے ہم دفاعی چیمپیئن ہیں انشاء اللہ ہم یہ ٹور نا منٹ ضرور جیتیں گے اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے ورلڈ کپ کے پروگرام ڈائریکٹر سید سلطان شاہ نے کہاکہ یہ دن بڑی جدو جہد کے بعد آیا ہے مغربی میڈیا یہ تاثر دیتا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی اور بم دھماکوں کے سوا کچھ نہیں ہوتا لیکن ہم لوگوں نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے خصوصی لوگ بھی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھرپور کام کررہے ہیں انہو نے کہاکہ اس ٹور نا منٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی اس طرح پاکستان کی تاریخ میں خصوصی افراد کا ہونے والا یہ سب سے بڑا ایونٹ ہوگا انہوں نے کہاکہ ہم نے ویسٹ انڈیز سری لنکا اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیموں کوشرکت کے لئے ہوائی ٹکٹ بھی فراہم کئے ہیں ورلڈ کپ کے میڈیا پارٹنر کے نمائندے ندیم اقبال نے کہاکہ ہمیں افسوس ہے کہ اس تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی نمائندہ شریک نہیں شاید وہ اپنے تنازعات حل کر نے میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلائنڈ افراد جس جذبے کے ساتھ آگے بڑھے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے اس میگاایونٹ سے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کر نے میں مدد ملے گی ایونٹ منیجر شہزاد نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس ورلڈ کپ کے لئے خصوصی تھیم سانگ تیار کیا گیا ہے جو معروف گلو کار فاخر نے گایا ہے۔ سائٹ سیور کے کنٹری منیجر ہارون اعوان نے اپنے خطاب میں بلائنڈ کرکٹ کونسل کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ اس موقع پرورلڈ کپ کرکٹ فار بلائنڈ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کی گئی جس پر شرکت کر نے والے تمام ممالک کے جھنڈے بنے ہوئے ہیں اس ٹرافی کا وزن تقریبا ڈھائی کلو ہے ۔

متعلقہ عنوان :