وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ،وزارت ہاؤسنگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ،عوام کی رہائشی ضروریات سے آگاہ ہیں، ہاؤسنگ پروگرام کے تحت درمیانی اور کم آمدن والے طبقے کو مناسب قیمت پر مکانات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،گیلانی،اسلام آباد میں غیر قانونی قابضین سے چار سو مکانات خالی کرانے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی

بدھ 22 اپریل 2009 20:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل۔2009ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ حکومت عوام کی رہائشی ضروریات سے آگاہ ہے اور ملک کے تمام علاقوں میں کم آمدنی والے طبقات کو رہائش کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کے تحت درمیانی اور کم آمدن والے طبقے کو مناسب قیمت پر مکانات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ، جس کے دوران وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غریب اور ضرورتمند افراد کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے ، انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کے تحت درمیانی اور کم آمدن والے طبقے کو مناسب قیمت پر مکانات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ کو مکانات کی طلب اور فراہمی کے درمیان فرق کم کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر سے ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہونگی کیونکہ چالیس صنعتیں اس شعبے سے براہ راست منسلک ہیں ، وزیراعظم نے وفاقی وزیرہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں وزیراعظم کے مشیر داخلہ ، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد اورچیئرمین سی ڈی اے بطور رکن شامل ہونگے ، یہ کمیٹی غیر قانونی قابضین سے اسلام آباد میں چار سو کے قریب مکانات خالی کرانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی ، وزیراعظم نے پرائم منسٹر ہاؤسنگ پروگرام کیلئے لینڈ بینک تیار کرنے اور متعلقہ علاقوں میں ہاؤسنگ پروگرام شروع کرنے کیلئے متعلقہ وزارتوں ، سی ڈی اے اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے مربوط کوششوں کی ضرورت پرزوردیا ، وزیراعظم نے ہاؤسنگ پراجیکٹس کی سرحد پر متعلقہ وزارتوں کو ٹرنک انفراسٹرکچر کی فراہمی کی بھی ہدایت کی تاکہ کم آمدنی والے طبقات وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام سے مستفید ہوسکیں ۔

وزیراعظم نے وزارت ہاؤسنگ کے ریوالنگ فنڈ میں اضافے کی بھی منظوری دی ، انہوں نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور پی ایچ اے قریبی رابطے میں رہیں ، وزیراعظم نے وزارت ہاؤسنگ پر زوردیا کہ وہ نجی شعبے اور کثیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرے ، وزیراعظم نے وزارت کو ہدایت کی کہ ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی اور آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کئے جائیں ، وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل میں پارلیمانی لاجز کی ارکان اسمبلی کو الاٹمنٹ ان کے حلقوں کے نمبروں کے حساب سے کی جائے گی ، انہوں نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ سیکٹر G-13 میں اونچے اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے این او سی جاری کیا جائے ۔

اس موقع پر بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر ہاؤسنگ رحمت اللہ کاکڑ نے وزیراعظم کو بتایا کہ ملک کو اس وقت 79 لاکھ مکانات کی کمی کا سامنا ہے ، جبکہ دس لاکھ مکانات کی تعمیر کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چین ، اٹلی ، جرمنی ، امریکہ ، کینیڈا ، متحدہ عرب امارات اور ملائشیا کی کمپنیوں کے ساتھ وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کے تحت مکانات کی تعمیر کیلئے سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے ہیں ، انہیں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی مجوزہ ہاؤسنگ سکیموں اور ایف جی پی ایچ ایف کی طرف سے کراچی ، مری ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں مجوزہ منصوبوں سے آگاہ کیا گیا ، وزیراعظم کو ملک کے مختلف حصوں میں جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ، وزیرہاؤسنگ اینڈ ورکس نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وزارت خزانہ کو ہدایت کی جائے کہ وزیراعظم ہاؤسنگ پروگرام کیلئے سرمایہ کاری یقینی بنانے کیلئے ضمانت فراہم کرے ،اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ ظفر الملک، سیکرٹری ہاؤسنگ ، چیف کمشنر اسلام ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو ڈی ، ایم ڈی پی ایچ اے ، سٹیٹ آفیسر اور سی ڈی اے کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :