دارالحکومت کے عوام کو ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات نہ کرنے پر سی ڈی اے چیئرمین کو برطرف کیا جائے۔ اسلام آباد ٹریڈرزفیڈریشن

ہفتہ 21 اکتوبر 2006 12:58

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21اکتوبر2006) بلیوٹریڈرزفیڈریشن کے صدر وٹریڈرزایکشن کمیٹی اسلام آباد کے آرگنائزنگ سیکرٹری ملک اورنگزیب اعوان نے سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کو ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے وفاقی حکومت سے چیئرمین سی ڈی اے کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے بیان کے مطابق ٹریڈرزایکشن کمیٹی اسلام آباد کے مرکزی دفترمیں اسلام آباد کی تاجرتنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک اورنگزیب اعوان نے کہاکہ ڈینگی وائرس جس تیزی کے ساتھ پورے ملک میں پھیل رہا ہے سی ڈی اے حکام کو اس سلسلے میں پہلے سے ہی احتیاطی تدابیر اختیارکرلینا چاہیے تھی اور اسلام آباد کے شہریوں کو اس موذی وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے دارالحکومت میں پہلے ہی سپرے کرلینا چاہیے تھا انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے کا ادارہ اسلام آباد کے عوام کے لیے بوجھ اور سفید ہاتھی بن چکا ہے ادارے میں دارالحکومت کی تعمیروترقی اور عوام کی بھائی کے منصوبے بننے کی بجائے صرف ادارے میں کرپشن اور لوٹ مارکی پالیسیاں بنائی جاتی ہیں انہوں نے کہاکہ اگر سی ڈی اے حکام اپنا پیٹ بھرنے کی بجائے دارالحکومت میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کرلیتے تو آج اسلام آباد کی عوام یوں پریشانی کا شکار نہ ہوتی انہوں نے کہاکہ چیئرمین سی ڈی اے کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے دارالحکومت کے سولہ لاکھ باسیوں میں شدید بے چینی خوف وہراس پایاجاتاہے انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سی ڈی اے حکام کی اس سنگین غفلت ولاپرواہی کافوری طورپر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دارافراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اجلاس سے محبوب احسن ملک فرحان خان عابد عباسی محمد وسام ملک عامرشیخ اور زاہد حیدری نے بھی خطاب کیا۔