میکسیکو، سوائن وائرس سے مرنیوالوں کی تعداد 81، اسکول 10 دن کیلئے بند

اتوار 26 اپریل 2009 15:44

میکسیکو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل ۔2009ء) میکسیکو میں پہلی مرتبہ منظر عام پر آنے والے سوائن فلووائرس کے پھیلنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد81ہو گئی ہے۔عالمی ادارہ صحت نے وائرس کے پھیلاؤکو تشویش ناک قرار دیا ہے۔ادھرچلی نے میکسیکو اور امریکا سے آنے والے مسافروں کی ایئرپورٹس پر اسکریننگ شروع کردی ہے،میکسیکو میں سور سے پیدا ہونے والے جان لیوا فلووائرس کے پھیلاؤنے تشویش ناک صورت اختیار کی ہے۔

میکسیکو کی وزارت صحت کے مطابق ممکنہ طور پراس وائرس سے اب تک81افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں سے20افراد میں سوائن وائرس کی تصدیق کر لی گئی ہے۔وائرس سے تیرہ سوسے زائدافراد متاثر ہو ئے ہیں۔میکسیکو کے بعدمہلک وائرس کی علامات اب امریکا میں بھی ظاہر ہونا شروع ہوگئی ہیں اور امریکی حکام نے مجموعی طور پر گیارہ کیسز کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

نیویارک میں ایک اسکول کے8 طلبا ممکنہ طور پر اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے طلبا میں سوائن وائرس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

اسکول کو دوبارہ کھول دیاگیاہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائرکٹرڈاکٹر مارگریٹ چین Margaret Chanنے خبر دار کیا ہے کہ سوائن وائرس بڑے پیمانے پر پھیلاؤکی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کے بڑے پیمانے پر اچانک پھیلاؤ پر قابو پانے میں کہیں دیر نہ ہو جائے۔