میکسیکو ، سوائن وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 81 ہو گئی ،پڑوسی ممالک بھی متاثر، امریکہ ، اسپین ،کینیڈا،فرانس،اسرائیل،نیوزی لینڈ اور برطانیہ میں بھی وائرس کی تصدیق،وبا کی شکل اختیار کرنے کا خدشہ

پیر 27 اپریل 2009 12:34

میکسیکو سٹی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔27اپریل 2009 ء) میکسیکو میں سور سے پھیلنے والے زکام سے 81 افراد کی ہلاکت کے بعد اب یہ مرض پڑوسی ممالک تک بھی پہنچ گیا ہے اورعالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یہ انتہائی خطرناک وبا کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکو سٹی میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تقریب81 افرادسوائن وائرس میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں اور متعدد دیگر کو اس مرض میں مبتلا ہونے کے بعد اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

میکسیکوکے صدر فلپ کالڈرن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں زکام کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے پر غور کیا گیا۔ محکمہ صحت نے عوام کومشورہ دیا ہے کہ زکام کی اس وباء سے بچنے کیلئے ڈاکٹروں کے بتائے گئے اصولوں پر عمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف امریکہ کی پانچ ریاستوں میں20 مریضوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد ہیلتھ ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

میکسیکو سے اسپین پہنچنے والے تین افراد میں اس زکام کی علامتیں ملی ہیں،میڈرڈ میں حکام نے بتایا کہ ان افراد کوبلباوٴ،المانسا اور ویلنسیا نامی شہروں کے اسپتالوں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔کینیڈا میں بھی سوائن فلو کے چار کیسز سامنے آئے ہیں۔فرانس،اسرائیل،نیوزی لینڈ اور برطانیہ میں بھی سوائن فلو کے مریضوں کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔