سوائن فلو وائرسکی وبا خطر ناک مرحلے میں داخل عالمی ادارہ صحت نے الرٹ لیول فیز چار سے پانچ کردیا

منگل 28 اپریل 2009 20:48

میکسیکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2009ء) مہلک سوائن فلو وائرس کی وبا خطر ناک مرحلے میں داخل ہوگئی۔ وائرس تیزی سے پھیلنے کے باعث عالمی ادارہ صحت نے الرٹ لیول فیز چار سے پانچ کردیا ہے۔ وبائی وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے چوتھے فیز میں یورپی یونین نے شہریوں کو امریکا اور میکسیکو کے غیر ضروری سفر سے روک دیا ہے اور خطرے سے نمٹنے کے لئے ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میکسیکو میں سوائن فلو سے ہلاکتوں کی تعداد ایک سو باون اور متاثرہ افراد کی تعداد سولہ سو تک پہنچ گئی ہے۔امریکا میں پچاس افراد میں فلو وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ دنیا بھر میں اناسی کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے جس میں کینیڈا میں چھ، اسکاٹ لینڈ میں دو اور اسپین میں ایک شخص وائرس سے متاثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی کوریا میں تین افراد کا معائنہ کیا گیا جس میں سے اکاون سالہ خاتون مہلک وائرس کا شکار ہوئی ہیں۔

وائرس کے باعث روس، ہانگ کانگ اور تائیوان میں متاثرہ ممالک سے آنے والے ایسے افراد جس میں فلو کی علامات پائی جارہی ہیں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ میں فلو وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد تیرہ طلباء ، ان کے والدین اور اساتذہ کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔ اسرائیل، فرانس، برازیل اور سوئٹزرلینڈ میں بھی وائرس کی تشخیص کیلئے شہریوں کے طبی معائنے کئے گئے۔ بھارت بھی متاثرہ ممالک سے آنے والے افراد کا معائنہ کرے گا۔