سوائین فلو وائرس، ایئرلائنز کو 5 سے 8.5 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ ،سوائن وائرس مزید ممالک تک پھیل سکتا ہے ،ڈبلیو ایچ او

بدھ 29 اپریل 2009 14:54

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اپریل ۔2009ء) سوائین فلو وائرس نے دنیا بھر کی ائیر لائنز کو بری طرح متاثر کیا ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ سوائن وائرس مزید ممالک تک پھیل سکتا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ائرلائنز کی عالمی تنظیم ایاٹا کا کہنا ہے کہ ائیر لائنز کو پانچ سے ساڑھے آٹھ ارب ڈالر تک نقصان ہو سکتا ہے۔ میکسیکو سے شروع ہونے والے سوائین فلو کے خوف نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو گرفت میں لے لیا۔

ایاٹا کے حکام کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی بحران کی وجہ سے ائیرلائنز پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار تھیں، فضائی ٹریفک میں مارچ کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ کارگو ٹریفک میں 21.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی تا ستمبر عام طور پر ائیر لائنز کا پیک سیزن ہو تا ہے لیکن فلو کی وبا کے خوف سے بکنگ بہت کم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

عالمی مارکیٹس میں ائیر لائنز کے حصص کی قیمتیں بھی گر رہی ہیں۔ دوسری طرف عالمی ادارہ صحت نے سوائن فلو وائرس کے خطرے کا لیول بڑھاتے ہوئے وائرس مزید ممالک میں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر کیجی فکوڈہ نے جنیوا میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوائن فلو وائرس کے خطرے کا لیول تین سے بڑھا کر چار کر دیا گیا ہے تاہم اس کا دوسرے ممالک تک پھیلاؤ روکنا ممکن نہیں ہے ایک ملک سے دوسرے ملک سفر کے دوران یہ وائرس مستقل پھیل رہا ہے۔صدر اوباما نے امریکا میں سوائن فلو وائرس سے نمٹنے کے لیے کانگریس سے1.5ارب ڈالر مانگ لیے ہیں۔ واضح رہے کہ میکسیکو میں اب تک اس وائرس سے 160 افراد ہلاک جبکہ2498 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں۔

متعلقہ عنوان :