سوائن فلو وائرس،ہنگامی حالات میں ایک درجے کا اضافہ

جمعرات 30 اپریل 2009 11:13

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔30اپریل 2009 ء)عالمی ادارہ صحت نے سوائن فلو سے نمٹنے کیلئے ہنگامی حالات میں ایک درجے کا اضافہ کرکے الرٹ پانچ درجے کردیا ہے اور حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلو سے بچائو اور دوائوں کی تیاری کے منصوبوں کو جلد از جلد حتمی شکل دیں۔عالمی ادارہ صحت نے نو ملکوں میں ایک سو اڑتالیس نئے کیسز کی تصدیق کی ہے، ان میں ننانوے صرف میکسیکو میں پائے گئے۔

میکسیکو میں حکومتی اور نجی اداروں میں پانچ مئی تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے ایسے پینتیس ہزار مقامات کو بند کرنے کا حکم دیا ہے جہاں عوام کی آمد و رفت زیادہ ہوتی ہے۔ یورپ میں جرمنی اور آسٹریا میں سوائن فلو کے نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے۔ برطانیہ اور اسپین میں بھی تازہ کیسز کی اطلاعات ہیں۔لاطینی امریکا کے ملک پیرو میں سوائن فلو پہنچ گیا اور ایک مریض میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔ امریکا میں سوائن فلو وباءکے باعث ریاست کیلیفورنیا، نیویارک، ٹیکساس اور جنوبی کیرولائنا کے ایک سو سے زائد اسکول بند کردیئے گئے۔ یہ ریاستیں سوائن فلو سے زیادہ متاثر ہیں۔ واشنگٹن میںسینٹر فار ڈزیز کا کہنا ہے کہ امریکا میںسوائن فلو سے متاثرہ افراد کی تعداد اکانوے ہوگئی ہے۔