تائیوان کو عالمی ادارہ صحت کے اجلاس میں شرکت کی اجازت مل گئی

جمعرات 30 اپریل 2009 13:13

نیو یارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔30اپریل 2009 ء)چین نے عالمی ادارہ صحت کے سالانہ اجلاس میں تائیوان کی شمولیت پر اپنے پرانے اعتراضات ختم کردیے ہیں۔ یہ پیش رفت تائیوان کی طرف سے خود کو بین الاقوامی طور پر منوانے کی مہم میں بڑی کامیابی ہے۔چین نے اگلے ماہ عالمی ادارہ صحت کے اجلاس میں تائیوان کو شمولیت کی اجازت دے دی ہے۔ تائیوان کے وزیرِ صحت ییہ چینگ نے گزشتہ روز صحافیوں کو اجلاس کے نگران عالمی ادارہ صحت کا دعوت نامہ دکھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خط کے مندرجات پڑھے جس میں انہیں عالمی ادارہ صحت کے 62 ویں اجلاس میں مبصر کے طورپر شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔واضح رہے کہ تائیوان 1997ء سے ہرسال اس اجلاس میں شرکت کی درخواست دیتا آرہاہے لیکن اس سے پہلے تک کی ہر کوشش چینی حکومت نے مسدود کرتا رہا ہے۔ چین تائیوان کی جانب سے بین الاقوامی اداروں میں شرکت کو اس کے اقتدارِاعلیٰ کی علامت سمجھتا ہے جس کا وہ مخالف ہے۔1971ء میں تائیوان چینی حکومت کے نمائندے کے طورپر اقوامِ متحدہ میں اپنی نشست سے محروم ہوگیا تھا۔ ایک سال کے بعد تائیوان کو عالمی ادارہ صحت سے بھی نکال باہر کر دیا گیاتھا۔