سوائن فلو وائرس ، تصدیق شدہ واقعات کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی، عالمی ادارہ صحت

جمعہ 8 مئی 2009 13:56

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 مئی ۔2009ء)عالمی ادار ہ صحت نے کہا ہے کہ سوائن فلو وائرس کے تصدیق شدہ واقعات کی تعداد دو ہزار سے تجا وز کر گئی ہے۔نئے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ سوائن فلو دنیا کے23 ممالک تک پھیل چکا ہے تاہم اس کے زیادہ تر مریض میکسیکو اور امریکا میں سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت کے قائم قام ڈائریکٹر جنرل کیجی فکودا نے بنکاک میں ایشیائی عہدے داروں سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا عالمی ادارہ ابھی تک اس وائرس کو سمجھنے کی کوشش کررہا ہے اور اس کے پھیلاوٴ کو روکنے کی مہم مستعدی سے جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے عہدے داروں کو ابھی تک یہ خیال نہیں ہے کہ انہوں نے سوائن فلو کی شدت پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے عہدے داروں کو خبردار کیا کہ یہ وائرس اس سال کے آخر میں شمالی نصف کرے میں فلو کا موسم شروع ہونے پر زیادہ شدت اختیار کرسکتا ہے۔