شہر میں ڈینگی وائر س سے بچاؤ کیلئے سپرے کرنے کا حکم دیدیا گیا،شہر میں ڈینگی وائرس کا کوئی مریض نہیں ،ڈی سی او

پیر 23 اکتوبر 2006 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر۔2006ء) ڈسٹرکٹ کو ارڈینیشن آفیسر لاہور محمد اعجاز میاں نے کہا ہے کہ لاہور میں ڈینگی وائرس کا کوئی مریض نہیں جبکہ عید کی چھٹیوں کے دوران شہر میں ڈینگی وائر س سے بچاؤ کیلئے سپرے کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے اور ضلعی حکومت محکمہ صحت کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ لاہور میں سپرے کا فیصلہ ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ہے جس میں ای ڈی او ہیلتھ سمیت ٹاؤنز اور ضلعی افسروں نے شرکت کی ۔

محکمہ صحت کے افسروں نے اجلاس کو بتایا کہ لاہور کے کسی سرکاری یا نجی ہسپتال میں ڈینگی وائرس کا کوئی مریض نہیں تاہم ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈینگی وائرس میں مبتلا کسی بھی مریض کی آمد کی فوری اطلاع کریں ۔ دریں اثنائمحکمہ صحت پنجاب نے بھی صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور علاج معالجہ کے لیے ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور تمام پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں اس کے علاج کی ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز (سی ڈی سی )کو اس سلسلے میں فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے جنہوں نے اس ضمن میں ڈینگی بخار کے علاج معالجہ اور ممکنہ مریضوں کے خون ٹیسٹ این آئی ایچ لیبارٹری سے فوری طور پر کروانے اور دیگر حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے ہیں۔حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ، صوبہ کے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ افسران ہیلتھ اور سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اس سلسلے میں اگر کوئی مریض ان کے پاس آتا ہے تواس کی مکمل تشخیص کر کے اسے علاج معالجہ کی سہولیات بلامعاوضہ فراہم کی جائیں ۔

متعلقہ عنوان :