تربوز کا استعمال درجہ حرارت کے اثرات کم کرتا ہے، طبی ماہرین

منگل 26 مئی 2009 19:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی ۔2009ء) طبی ماہرین نے پاکستانی عوام سے کہا ہے کہ ملک بھر میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے تربوز کا استعمال نہایت مجرب ہے مگر کھانے سے پہلے وٹامن اے اور سی سے بھر پور اس پھل کو اچھی طرح دھو کر تازہ تازہ استعمال کیا جائے ورنہ اس کے مضر اثرات سے بھی پالا پڑ سکتا ہے۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں تربوز سڑکوں کے کنارے جس انداز میں فروخت کے لئے رکھے جاتے ہیں اس سے اس پھل کے خراب ہونے کے احتمال میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

ریشہ دار غذا پر مشتمل یہ پھل وقت ہاضمہ کو بڑھانے، لو اور گرمی سے ہونے والے بخار، قبض کے خاتمے اور جسم میں خون کی بہتات کا باعث بنتا ہے۔

(جاری ہے)

4 سے 18 کلو وزن تک دستباب اس پھل کو اپنی ضرورت کے مطابق ہی خریدنا چاہیے اگر اس کو کاٹ کر محفوظ کرنا پڑے تو صاف ستھرے برتنوں میں رکھ کر ریفریجٹر میں محفوظ کیا جائے۔ طبی ماہرین نے بچے تربوز اور پھیکے تربوز یا اندر سے سڑے ہوئے تربوز کو استعمال کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں تربوز کو برف کے بلاکوں میں رکھ کر ٹھنڈا کرکے فروخت کیا جاتا ہے اس عمل کے دوران اگر صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل نہ کیا جائے تو یہ پھل فائدے کی بجائے نقصان دیتا ہے۔