وزارت خزانہ میں اعلیٰ سطح اجلاس ،مشیراور سیکرٹری خزانہ نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ اور معاشی صورتحال بارے بریفنگ دی، آئندہ وفاقی بجٹ میں غریب طبقے کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، وزیراعظم گیلانی

پیر 8 جون 2009 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جون ۔2009ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے وزارت خزانہ پر زور دیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں غریب طبقے کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔تمام مالیاتی امورمیں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔میکرو اکنامک استحکام سماجی تحفظ کے نیٹ میں توسیع ، زرعی شعبے کا فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور کسانوں کیلئے بہتر آمدن ، مینو فیکچرنگ کے شعبے کی بحالی اور سماجی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

آئندہ بجٹ ان ترجیحات کا آئینہ دارہونا چاہئے۔ بجٹ تقریر سادہ زبان میں ہونی چاہئے تاکہ اسے عوام بھی آسانی سے سمجھ سکیں۔ افراط زر کے رحجان کو کنٹرول کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلند افراط زر معیشت اور غریبوں کیلئے نقصان دہ ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو وزارت خزانہ میں آئندہ بجٹ کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ مختلف وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کا فوری اجراء یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام سماجی تحفظ کے نیٹ میں توسیع ، زرعی شعبے کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور کسانوں کیلئے بہتر آمدن ، توانائی کی بہتر دستیابی کے ذریعے مینو فیکچرنگ کے شعبے کی بحالی ، بہتر انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں جن کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مالیاتی امورمیں شفافیت کو یقینی بنایا جائے جبکہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے فنڈز کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے کیونکہ اس عمل کا اقتصادی سرگرمیوں اور ملک میں روز گار کے مواقع پیدا کرنے سے گہرا تعلق ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں کی مالیاتی ضروریات پوری کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ ریونیو کے حصول میں وزارت خزانہ کا کردار نہایت اہم ہے۔

وزارت کو ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو بڑھانے کے اقدامات بڑھانے چاہئیں کیونکہ ترقی اور نقل مکانی کرنے والوں کی مدد اور بحالی کے علاوہ ملکی دفاعی اور سیکیورٹی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایسا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں غریب طبقے کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور بجٹ موجودہ حکومت کی ترجیحات کا آئینہ دار ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو جمہوری حکومت سے بہت زیادہ توقعات ہیں اس لئے بجٹ کے دوران عوام کی انتہائی بنیادی ضروریات پوری کرنے اور ان کی بہتری پر توجہ مرکوز کی جائے۔ یوسف رضا گیلانی نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ بجٹ تقریر سادہ زبان میں ہونی چاہئے تاکہ اسے عوام بھی آسانی سے سمجھ سکیں۔ افراط زر کے رحجان کو کنٹرول کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلند افراط زر معیشت اور غریبوں کیلئے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے ترقیاتی اقدامات شروع کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ افراط زر قابل قبول حدود کے اندر ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقتصادی ٹیم ترقیاتی عمل کی بحالی اور معیشت کی بہتری کیلئے پیشہ ورانہ اور دانشمندانہ اقدامات اٹھائے گی۔ مشیر خزانہ شوکت ترین اور سیکرٹری خزانہ نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ملکی معیشت کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ و اقتصادی امور حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں۔