Open Menu

ALLAh Ki Tuheed Pr Dlaeel - Article No. 1241

ALLAh Ki Tuheed Pr Dlaeel

اللہ تعالیٰ کی توحید پر دلائل - تحریر نمبر 1241

جب ساری کائنات فنا ہوجائے گی تو اپنی وحدت کا اعلان فرمائے گا رب تعالیٰ کی واحدانیت پر کثیر آیات کریمہ ہیں

جمعہ 22 دسمبر 2017

اللہ تعالیٰ کی توحید پر دلائل:
اللہ تعالیٰ وحدہ لاشریک ہے اس نے کائنات کو بنایا پھر بندوں کو بنا کر اس میں بسایا پھر ان سب کو موت دیتا رہے گا حتیٰ کہ جب ساری کائنات فنا ہوجائے گی تو اپنی وحدت کا اعلان فرمائے گا رب تعالیٰ کی واحدانیت پر کثیر آیات کریمہ ہیں مگر سب کو یہاں پر بیان کرنے سے قاصر ہوں کہ موضوع طویل ہوجائے گا اس لیے رضاالہٰی کی خاطر چیدہ چیدہ آیات پیش کرتا ہوں۔

دلیل نمبر:1 قرآن مجید میں ہے: ”اگر آسمانوں اور زمینوں میں اللہ تعالیٰ کے علاوہ متعدد خدا ہوتے تو ضرور ان کا نظام فاسد ہوجاتا“
دلیل نمبر:2 قرآن مجید میں ہے: ”بے شک تمہاری عبادت کا مستحق ضرور ایک ہے آسمانوں اور زمینوں کا اور ان تمام چیزوں کا رب جوان کے درمیان ہیں وہی تمام مشارق کا رب ہے“
دلیل نمبر:3 قرآن مجید میں ہے: ”کیا وہ اپنے نفسوں میں(اس پر) غور نہیں کرتے کہ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمینوں کو اور ان کے درمیان کی چیزوں کو صرف حق کے ساتھ اور مقررہ مدت تک کے لئے پیدا کیا ہے اور بے شک اکثر لوگ اپنے رب سے ملاقات کے ضرور منکر ہیں ۔

(جاری ہے)

کیا انہوں نے زمین میں سفر نہیں کیا پس وہ اپنے سے پہلے لوگوں کا انجام دیکھ لیتے جو ان سے زیادہ قوت والے تھے اور انہوں نے زمین میں ہل چلایا اور اس کو آباد کیا اورا نہوں نے زمین کو ان سے زیادہ آباد کیا تھا ان کے پاس رسول واضح دلائل لے کر آئے تھے تو اللہ تعالیٰ کی یہ شان نہ تھی کہ ان پر ظلم کرتا لیکن وہ خود اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے پھر برے کام کرنے والوں کا برا انجام ہواکیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کی آیتوں کی تکذیب کرتے تھے اور ان کا مذاق اڑاتے تھے“
دلیل نمبر:4 قرآن مجید میں ہے: ”عنقریب ہم ان کو اپنی نشانیاں اس کائنات میں اور ان کے اپنے نفسوں میں دکھائیں گے حتیٰ کہ ان پر منکشف ہو جائے گا کہ اللہ ہی برحق ہے“
دلیل نمبر:5قرآن مجید میں ہے: ”اور اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تم کو مٹی سے پیدا کیا پھر اب تم بشرہوکر پھیلتے جارہے ہو“
دلیل نمبر:6قرآن مجید میں ہے: ”اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمہاری ہی جنس سے تمہارے لئے جوڑے پیدا کیے تاکہ تم کو ان سے سکون حاصل ہو اور اس نے تمہارے درمیان محبت اور ہمدردی قائم فرمادی بے شک اس میں غور و فکر کرنے والے لوگوں کے لئے ضرور نشانیاں ہیں“
دلیل نمبر:7 قرآن مجید میں ہے: ”اور اس کی نشانیوں میں سے آسمانوں اور زمینوں کی پیدائش ہے اورتمہاری زبانوں اور تمہارے رنگوں کا اختلاف ہے اور بے شک اس میں عالموں کے لئے ضرور نشانیاں ہیں“
دلیل نمبر:8 قرآن مجید میں ہے: اور اس کی نشانیوں میں سے رات اور دن میں تمہاری نیند ہے اور تمہاری اس کے فضل کو تلاش کرنا ہے بے شک اس میں غور سے سننے والوں کے لئے ضرور نشانیاں ہیں۔

دلیل نمبر:9 قرآن مجید میں ہے: ”اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ وہ تم کو ڈرانے اورامید پر قائم رکھنے کے لئے بجلیوں کی چمک دکھاتا ہے اور آسمان سے پانی نازل فرماتا ہے پھر اس سے زمین کے مردہ ہونے کے بعد اس کو زندہ کرتا ہے بے شک اس میں عقل والوں کے لئے ضرور نشانیاں ہیں“
دلیل نمبر:10 قرآن مجید میں ہے: اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ زمین و آسمان اس کے حکم سے قائم ہیں پھر جب تم کو وہ زمین سے بلائے گا تو تم فوراً(قبروں سے)باہر نکل آؤ گے“
دلیل نمبر:11 قرآن مجید میں ہے: ”اور آسمانوں اور زمینون میں جو کچھ ہے وہ سب اس کی ملکیت ہے اور سب اس کے اطاعت شعار ہیں“
دلیل نمبر:12 قرآن مجید میں ہے: ”اور وہی ہے جو مخلوق کو پہلی بار پیدا کرتا ہے پھر اس کو دوبارہ پیدا کرے گا اور یہ اس پر بہت آسان ہے اور آسمانوں اور زمینوں میں اس کی سب سے بلند صفات ہیں اور وہی بہت غلبہ اور بہت حکمت والا ہے“
دلیل نمبر:13 قرآن مجید میں ہے: ”کیا ہم نے تم کو حقیر پانی(منی) سے نہیں پیدا کیا“
دلیل نمبر:14 قرآن مجید میں ہے: ”سو تم کو ہم نے مٹی سے پیدا کیا پھر نطفہ سے پھر جمے ہوئے خون سے پھر گوشت کے لوتھڑے سے جس کی صورت اور شکل واضح بنی ہو یا نہ بنی ہو“
دلیل نمبر:15 قرآن مجید میں ہے: ”اللہ تعالیٰ نے ہی تم کو پیدا کیا پھر تم کو روز دیا پھر تم کو موت دے گا پھر تمہیں زندہ کرے گا گیا تمہارے بنائے ہوئے شریکوں میں سے کوئی ایسا ہے جو ان کاموں میں سے کوئی کام کرسکے اللہ تعالیٰ ان تمام چیزوں سے پاک اور بلند ہے جن کو وہ اس کا شریک قرار دیتے ہیں“
دلیل نمبر:16 قرآن مجید میں ہے: اللہ تعالیٰ نے تم کو تمہاری ماؤں کے پیٹوں سے اس حال میں نکالا کہ تم اس وقت کچھ بھی نہیں جانتے تھے“
دلیل نمبر:17 قرآن مجید میں ہے: ”اللہ ہی ہے جو ہواؤں کو بھیجتا ہے تو وہ بادل کو اٹھاتی ہیں پھر وہ اس بادل کو جس طرح چاہتا ہے آسمان میں پھیلادیتا ہے اور وہ اس کے ٹکڑے ٹکڑے کردیتا ہے پھر تم دیکھتے ہوکہ اس کے درمیان سے پانی نکلتا ہے پھر وہ اپنے بندوں میں سے جن کو چاہتا ہے ان تک وہ پانی پہنچادیتا ہے تو وہ خوش ہوجاتے ہیں“
دلیل نمبر:18 قرآن مجید میں ہے: ”پس اللہ کی رحمت کی نشانیوں کو دیکھو کہ وہ کس طرح زمین کو اس کے مردہ ہونے کے بعد زندہ کرتا ہے بے شک وہی مردوں کو زندہ کرنے والا ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے“
دلیل نمبر:19 قرآن مجید میں ہے: ”اللہ ہی ہے جس نے تمہیں کمزوری کی حالت میں پیدا کیا پھر اس کمزوری کے بعد قوت دی پھر اس قوت کے بعد ضعف اور بڑھاپا طاری کیا وہ جو چاہتا ہے پیدا فرماتا ہے اور وہ بہت علم والا ہے بے حد قدرت والا ہے“
دلیل نمبر:20 قرآن مجید میں ہے: ”اللہ تعالیٰ نے بغیر ستونوں کے آسمان بنائے جنہیں تم دیکھتے ہو اور زمین میں مضبوط پہاڑوں کو نصب کردیا تاکہ وہ تمہیں لرزانہ سکے اور اس زمین میں ہر قسم کے جانور پھیلادئیے اور آسمان سے پانی نازل کیا سو ہم نے زمین میں ہر قسم کے عمدہ غلے(اور میوے) پیدا کیے یہ ہے اللہ تعالیٰ کا پیدا کیا ہوا پس مجھے وہ دکھاؤ جو اللہ تعالیٰ کے ماسوا دوسروں نے پیدا کیا ہے بلکہ ظالم کھلی گمراہی میں ہیں“

Browse More Islamic Articles In Urdu