Fay - Article No. 2125

Fay

ف - تحریر نمبر 2125

ف سے فن کار ہوتا ہے، ہمارے ملک میں بیس کروڑ فن کار ہیں، جو سب سے بڑا فن کار ہو اس کو فن کار اعظم کہتے ہیں، اس کا چھوٹا بھائی فن کار اعلا ہوتا ہے

Suhail Abbas Khan سہیل عباس خان پیر 21 اگست 2017

پیارے بچو ف سے فال ہوتی ہے، یہ نیاگرا فال کی طرح نہیں بلکہ ویاگرا فال کی طرح ہوتی ہے، اسے نکالنے والا خود کو پروفیسر کہتا ہے، یہ ان پروفیسرز کا مکافات عمل ہے جو دیوان حافظ سے فال نکالتے تھے، فال طوطے سے نکالی جاتی ہے، یہ ت سے بھی توتا لکھا جاتا ہے لیکن جو چونچ ط سے بنتی ہے وہ ت میں کہاں۔ ط سے طوطی بھی ہوتی ہے, سنا ہے اس کی آواز نقار خانے میں کوئی نہیں سنتا، نقار خانے کا تو ہمیں پتہ نہیں البتہ ایک بار نگار خانہ دیکھنے کی کوشش کی تھی، بس دو چار ہاتھ جب کہ لب بام رہ گیا تو پولیس کا چھاپہ پڑا، اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہوتے ہوتے رہ گئے، البتہ اس کارروائی میں پیچھے سیٹ پہ بیٹھے دوست کی قمیص کا کچھ حصہ پولیس والے کے ہاتھ میں رہ گیا، اس دن موٹر سائیکل نے اپنی قیمت پوری کر دی تھی۔

(جاری ہے)

پیارے بچو ف سے فلم بھی ہوتی ہے، ہندی والے اسے پھلم کہتے ہیں، شاید ان کی فلم میں پھ زیادہ ہوتی ہے، سنا ہے نیلی فلم بھی ہوتی ہے، ہمیں تو نیلی کہیں سے نظر نہیں آئی، شاید اس کے اثرات میں نیل پڑنا ہو۔ پیارے بچو ف سے فن کار ہوتا ہے، ہمارے ملک میں بیس کروڑ فن کار ہیں، جو سب سے بڑا فن کار ہو اس کو فن کار اعظم کہتے ہیں، اس کا چھوٹا بھائی فن کار اعلا ہوتا ہے۔
ف سے فالتو بھی ہوتا ہے، لیکن یہ لغت میں ہوتا ہے، ورنہ تو ہم ہر چیز کو جگاڑ کے ذریعے کارآمد بنا لیتے ہیں۔ ف س فلفل بھی ہوتی ہے، اسے مرچ بھی کہتے ہیں، یہ ڈالی بھی جاتی ہے اور لگائی بھی جاتی ہے۔ ف سے فرس بھی ہوتا ہے، اسے گھوڑا بھی کہتے ہیں، یہ ایوان صدر میں ہو تو اسے مربے کھلائے جاتے ہیں، یہ سنا ہے گدھے سے بہتر ہوتا ہے، لیکن ہم نہیں مانتے، گھوڑا بھی کوئی کھانے والی چیز ہے بھلا۔
ویسے گھوڑے کو اسپ بھی کہتے ہیں، یہ واجد علی شاہ جو شطرنج کے کھلاڑی تھے انہیں پیادہ بنا گیا۔ ف سے فقیر بھی ہوتا ہے لیکن یہ بھکاری سے الگ ہوتا ہے، یہ صوفی ہوتا ہے، ایک شخص نے اشارے پہ گاڑی روکی تو اسے اپنا ایک ہم جماعت بھیک مانگتا نظر آیا، اس نے پوچھا ارے تم؟ یہ کب سے؟ اس نے جواب دیا کدوکنا (کب کا) ف سے فارسی بھی ہوتی ہے، سنا ہے جو اسے پڑھ لیتا ہے وہ تیل بیچتا ہے، اب بھلا تیل بیچنے کے لیے کون فارسی پڑھے۔
ف سے فراق بھی ہوتا ہے، یہ تب ہوتا ہے جب وصل نہ ہو۔ لیکن ہماری آبادی سے نہیں لگتا کہ یہ ہم نے کبھی دیکھا ہے۔ پیارے بچو ف سے فر فر بھی ہوتی ہے جو بولی بھی جاتی ہے، اور فراٹے بھی بھرے جاتے ہیں۔ ف سے مسٹر فراڈیہ ہوتا ہے، یہ پوری قوم کو تھوک لگاتا ہے۔ ف سے فحش بھی ہوتا ہے، یہ پہلے لکھا پڑھا جاتا تھا آج کل دیکھا جاتا ہے۔ پیارے بچو پرانے قاعدے میں ف سے فوارہ ہوتا تھا، اب فٹ بال ہوتا ہے۔ پیارے بچو، آپ کو پتہ ہے آپ بھی بال ہیں، یقین نہیں آتا تو اپنی امی سے جا کر پوچھ لیں۔ اگر وہ ہاں میں سر ہلائے تو میرے لیے بالو شاہی لانا۔

Browse More Urdu Mazameen