Saad - Article No. 2116

Saad

ص - تحریر نمبر 2116

ص سے صادق ہوتا ہے، اب یہ اکیلا کیا کم تھا کہ ہم نے اس کے ساتھ امین کی شرط بھی رکھ دی، اب ان اللہ کے بندوں سے کوئی پوچھے کہ صادق اور امین کو تو کوئی سبزی لینے نہیں بھیجتا کہ اس بے وقوف کو کوئی ٹھگ لے گا، بھلا اسے ووٹ کون دے گا

Suhail Abbas Khan سہیل عباس خان جمعرات 20 جولائی 2017

پیارے بچو
ہم پنجابی ص کو اس تلفظ کے ساتھ ادا کرتے ہیں کہ سواد آ جاتا ہے۔ ص سے صادق ہوتا ہے، اب یہ اکیلا کیا کم تھا کہ ہم نے اس کے ساتھ امین کی شرط بھی رکھ دی، گویا ایک کریلا دوسرا نیم چڑھا۔ اب ان اللہ کے بندوں سے کوئی پوچھے کہ صادق اور امین کو تو کوئی سبزی لینے نہیں بھیجتا کہ اس بے وقوف کو کوئی ٹھگ لے گا، بھلا اسے ووٹ کون دے گا۔ اور یہ کس برتے پہ ٹھنڈا یا تتا پانی کی فرمائش کرتے ہوئے کسی پٹواری یا تھانے دار سے ناجائز کام کی سفارش کرے گا، بس رہنے دیں، سب ڈھونگ ہے۔

جو صادق اور امین بنے پھرتے ہیں ان کا بھی قانونی طور پر ہر گرانٹ میں دو فی صد کمیشن ہوتا ہے جو ہر ٹھیکے سے پہلے وصول کر لیا جاتا ہے۔ پیارے بچو گاوٴں کے بچوں کو ٹاٹ پہ بٹھا کر صوفہ پڑھایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پیارے بچو ہم آدھے ایمان دار ہیں کیونکہ صفائی نصف ایمان ہے۔ اور اس آدھے ایمان کو بھی ہم بڑی مشکل سے عمرہ اور حج ادا کر کے پورا کرتے ہیں، مولانا صاحب بھی ہدیہ لے کر اس سلسلے میں ہماری مدد کرتے ہیں، اور وہ اتنے ہمدرد ہیں کہ ہر حکومت کی مدد کرتے ہیں بلکہ اپنی مدد آپ کے تو وہ ماہر ہیں۔

پیارے بچو ص سے سنا ہے صبر ہوتا تھا اور وہ بھی ہجر میں شاعروں کے کام آتا تھا، ہم سب اس پر یقین نہیں رکھتے، یہ سب شاعرانہ باتیں ہیں، آپ کے ہمارے صبر کا مظاہرہ دیکھنا تو صرف ایک آواز لگائیں، کھانا کھل گیا ہے۔ ص سے صدر بھی ہوتا ہے، یہ ہاتھی دانت کی طرح دکھانے کا ہوتا ہے، کھانے والے دانت کو وزیراعظم کہتے ہیں۔ ہر شہر میں ایک علاقہ ضرور صدر ہوتا ہے۔
اسی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک صدر کو لوگ ظلمت کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ ص سے صراحی ہوتی تھی، چونکہ اس میں قابل اعتراض چیز ڈالتے تھے اس لیے اس پر پابندی لگا دی گئی، البتہ ایک قابل اعتراض چیز اب بھی صراحی دار گردن والی ہوتی ہے۔ ہم سب کا پسندیدہ لفظ صفر ہے، سکول سے لے کر کرکٹ تک ہم اس کے چیمپئن ہیں۔ ہم اپنی ہر چیز کے ساتھ اسے لگانا پسند کرتے ہیں۔
جس طرح لکھ پتی، کروڑپتی، ارب پتی ہوتا ہے اسی طرح اگر صفر کی ر سے پہلے د لگا دیں تو وہ ایسا پتی بن جاتا ہے کہ کھرب پتی بھی اس کے آگے پانی بھرتے ہیں اور یوں اس کی دال گل جاتی ہے۔ پیارے بچو ص سے صحت بھی ہوتی ہے، عموماً اس کا وزیر کوشش کرتا ہے کہ کسی کی بھی صحت صحیح نہ رہے۔ ہمارے ہاں صرف صحت متن کا خیال رکھا جاتا ہے۔ ص سے صرف بھی ہوتا ہے۔ اور صرف کا خیال رکھا جاتا ہے کہ صرف ہمارے لوگ ہی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہیں۔ پیارے بچو ص سے صبح ہوتی ہے جو ستر سال سے نہیں ہوئی، آپ دعا کریں کہ اب تو ہو جائے، سنا ہے بچوں کی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔

Browse More Urdu Mazameen