Seen - Article No. 2114

Seen

س - تحریر نمبر 2114

س سے سال ہوتا ہے اور یہ سالا نیا سال بھی شروع ہو گیا بلکہ ہوا نہیں کروایا گیا ہے ، فیس بک والوں نے پہلے تو رو دھو کے بڑی مشکل سے دسمبر رخصت کروایا اور پھر اپنے محبوب سال کی آمد پر وہ گھڑیاں گنیں کہ کب بارہ بجیں گے اور اس انتظار میں اپنی شکل پر بارہ بجا لیے

Suhail Abbas Khan سہیل عباس خان پیر 17 جولائی 2017

س
پیارے بچو
جی
شاوا شاوا
س سے سال ہوتا ہے اور یہ سالا نیا سال بھی شروع ہو گیا بلکہ ہوا نہیں کروایا گیا ہے، فیس بک والوں نے پہلے تو رو دھو کے بڑی مشکل سے دسمبر رخصت کروایا اور پھر اپنے محبوب سال کی آمد پر وہ گھڑیاں گنیں کہ کب بارہ بجیں گے اور اس انتظار میں اپنی شکل پر بارہ بجا لیے۔
سال استاد استعمال نہیں کرتے تھے بلکہ برس کہتے تھے شاید اس لیے کہ جمع میں انہیں ذم کا پہلو نظر آتا تھا، اب تو جمع میں کسی کو ذم کا پہلو نظر ہی نہیں آتا۔

س سے سالگرہ بھی ہوتی ہے جو فیس بک پہ مفت منائی جاتی ہے اور ہزاروں کیک بھی مفت میں مل جاتے ہیں، اس سالگرہ میں ہر کس و ناکس کو شامل ہونے کی اجازت ہوتی ہے، اور تو اور عقل ناقص کو بھی۔
س سے سیلفی بھی ہوتی ہے، جیسے جاپانی ہارا کری یعنی خودکشی کے آداب ہوتے ہیں ایسے سیلفی کے بھی آداب ہوتے ہیں کہ کیسے لینی ہے۔

(جاری ہے)


س سے سر بھی ہوتا ہے، آپ سمجھیں گے شاید وہی جس کے نیچے دھڑ ہوتا تو نہیں جناب، یہ کسی بیوروکریٹ سے پوچھیں کہ جب کوئی اسے سر کہتا ہے تو وہ بیوروکریٹ اسے اپنا پیدائشی حق سمجھتا ہے۔


ساڈا حق اتھے رکھ
والا
لیکن شاید اسے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ سر جاپانی میں بندر کو کہتے ہیں۔
پیارے بچو س سے سالن بھی ہوتا ہے، ہم جو بھی پکائیں اسے سالن ہی کہتے ہیں، شاید اس لیے بھی کہ ہم ہر چیز کو ایک طرح ہی پکاتے ہیں، بلکہ ہمارا رویہ ہر کسی سے ایک جیسا ہوتا ہے، ہم نے اپنے ذہن میں مخصوص بٹن بنا لیے ہیں اور ان پر مخصوص پروگرام فیڈ ہیں، اب چاہیں بھی تو اس سے باہر نہیں نکل سکتے۔

پیارے بچو پرانے قاعدے میں س سے سلیٹ ہوتی تھی، اس پر لکھتے تھے، اب لکھنے پڑھنے کے دن تو گئے اس لیے اس س سے سانپ ہوتا ہے، پرانی لڈو میں سانپ سیڑھی بھی ہوتی تھی، لیکن اب سانپ آستین میں رہتا ہے، اور ہر ایک اپنا سانپ اپنی ہی آستین میں پالتا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ اگر کبھی وہ سانپ باہر نکل جائے تو ڈوپ ٹیسٹ کا مشورہ دیتا ہے۔
س سے سب رس نامی ایک رسالہ ہوتا تھا، اس میں مزے مزے کی کہانیاں ہوتی تھیں، اب سب اپنا اپنا رس فیس بک پہ نکالتے ہیں۔

س سے ساس بھی ہوتی ہے، یہ الگ بات ہے کہ اسے الٹا کریں تو بھی ساس ہی رہتی ہے۔ بیگم والی کو الٹا کرنے کی کوشش کریں تو وہ آپ کو الٹا لٹکا دے گی، البتہ شوہر والی کو وہ الٹا سیدھا کر کے اکثر دیکھ لیتی ہے کہ درست حالت میں ہے یا نہیں، یا درست کرنے کی ضرورت تو نہیں، ایک ساس جدید چٹنی بھی ہے جو صرف الٹا کرنے سے نکلتی ہے اور اس کے لیے انگلیاں بھی ٹیڑھی نہیں کرنا پڑتیں۔
سسرال کو سسرائیل بھی کہتے ہیں صرف شوہر والے سسرائیل کا نام بیگم والے پاسپورٹ پر ممنوع ہے۔
س سے سڑک بھی ہوتی ہے، پاکستان میں یہی ایک چیز شوق سے بنائی جاتی ہے
تیرے شوق دا نئیں اعتبار مینوں
سڑک میں سب سے مشکل چیز اسے پار کرنا ہوتا ہے، اگرچہ اسے پار کرنے کرانے میں ہزاروں بلکہ لاکھوں کروڑوں ڈالر آر پار کئے جاتے ہیں۔
پیارے بچو س سے آپ کے استاد کا نام بھی ہے، اور اگر اس کے ساتھ چھوٹی سی ی لگائیں تو آپ کی استانی کو مرچیں لگ جاتی ہیں،
اس لیے اب س سب اپنے اپنے گھروں کو جائیں، باقی س سبق پھر ہوگا۔

Browse More Urdu Mazameen