Nokia 3310 is Back Now With a Camera And Colored Screen

Nokia 3310 Is Back Now With A Camera And Colored Screen

نوکیا 3310 کیمرے اور کلر سکرین کے ساتھ پھر واپس آگیا

نوکیا 3310 صرف نوکیا کی طرف سے ہی نہیں بلکہ اب تک متعارف کرائے گئے تمام فیچر فونز میں کامیاب ترین فون رہا ہے۔ نوکیا 3310 کے اصل ورژن کو 2000 کی چوتھی سہ ماہی میں متعارف کرایا گیاتھا۔ 2005 میں کمپنی کی طرف سے اس کی فروخت بند کر دی گئی۔ کمپنی نے اس فون کے 126 ملین یونٹ فروخت کیے تھے۔ یاد رہے کہ جس وقت نوکیا 3310 متعارف کرایا گیا تھا، اس وقت موبائل صارفین کی تعداد آج کے مقابلے میں کہیں کم تھی۔


آج موبائل ورلڈ کانگرس میں نوکیا 3310 کو دوبارہ لانچ کر دیا گیا ہے۔ نوکیا 3310 (2017 ورژن) میں جدید دور کے مطابق نئے فیچر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ نیا نوکیا 3310 بھی ایک فیچر فون ہے مگر اس میں نوکیا کا سریز 30+ سافٹ وئیر، 2.4 انچ کی کیو وی جی اے ڈسپلے، 2 میگا پکسل رئیر کیمرہ اور مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ ہے۔

(جاری ہے)

فون کی انٹرنل میموری تو 16 ایم بی ہے مگر میموری کو مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 32 جی بی تک بڑھایا جا سکتا ہے۔


اصل نوکیا 3310 تو ہتھوڑا سیٹ کے نام سے مشہور تھا مگر جدید ورژن کافی ہلکا ہے۔ نوکیا 3310 کے اصل ورژن کا وزن 133 گرام تھا جبکہ نئے ورژن کا وزن 79.6 گرام ہے۔ فون میں 1200 ایم اے ایچ کی بیٹری ہے۔ فون کا ٹاک ٹائم 22 گھنٹے اور سٹینڈ بائی ٹائم 31 دن ہے۔ فون کو 51 گھنٹے تک بطور ایم پی تھری پلیئر اور اور 39 گھنٹے تک بطور ایف ایم ریڈیو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
فون کی بیٹری کو تبدیل کیا جا سکتا ہے اور اسے مائیکرو یو ایس بی پورٹ سے بھی چارج کیا جا سکتا ہے۔ فون میں 3.5 ایم ایم آڈیو جیک بھی ہے۔
نوکیا 3310 کے نئے ورژن کی قیمت 49 یورو یعنی قریباً ساڑھے پانچ ہزار روپے ہے۔

تاریخ اشاعت: 2017-02-26

More Technology Articles