کراچی میں سمندری ہوائیں رکنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ

26ستمبر کے بعد سے گرمی کی شدت میں کمی آنا شروع ہو جائے گی، محکمہ موسمیات

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:15

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور گرد و نواح میں گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہیم ہفتہ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37ڈگری تک جاپہنچا تاہم محکمہ موسمیات نے شہر میں ہیٹ ویو کے خدشات کو رد کردیا ہے ۔شہر قائد میں سمندری ہوائیں رکنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

جس نے شہریوں کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ بھارتی ریاست گجرات کے قریب سمندر میں موجود ہوا کا کم دبائو ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہوگئی ہیں اور شمال مغرب کی جانب سے چلنے والی ہوائوں نے گرمی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی لہر آئندہ 5 روز تک برقرار رہے گی، اس دوران شہر میں درجہ حرارت 39 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

26 ستمبر کے بعد گرمی کی شدت میں بتدریج کمی ہوگی تاہم آئندہ 5 روز شہری دن کے وقت بلاضرورت باہر نہ نکلیں اور اگر نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق شہر میں ہیٹ ویو کا کوئی خدشہ نہیں۔ ہر سال ستمبر کے آخری عشرے اور اکتوبر میں موسم گرم رہتا ہے۔

Browse Latest Weather News in Urdu