کویت میں موسم کی خراب صورت حال کے سبب زندگی مفلوج،عام تعطیل کا اعلان

شہری بلا ضرورت ہر گز گھر سے باہر نہ نکلیں کیوں کہ مرکزی شاہراہوں پر کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ہے،وزارت داخلہ

بدھ 7 نومبر 2018 12:43

کویت میں موسم کی خراب صورت حال کے سبب زندگی مفلوج،عام تعطیل کا اعلان
کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) کویت میں کابینہ نے موسم کی خراب صورت حال کے پیش نظر منگل کے روز تمام وزارتوں اور سرکاری محکموں میں تعطیل کا اعلان کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت میں پیر کی شب شدید بارشیں ہوئیں جو مسلسل جاری ہیں ،کویت کے وزیر تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

کویت کی قومی فضائی کمپنی کے مطابق کویت ایئرپورٹ سے کوئی پرواز منسوخ نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے اپنے طور پر شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت ہر گز گھر سے باہر نہ نکلیں کیوں کہ مرکزی شاہراہوں پر کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ہے۔اس دوران فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں اپنے فرائض انجام دینے میں مصروف ہیں۔ زیادہ تر شکایات بجلی منقطع ہونے سے متعلق ہیں۔

علاوہ ازیں زیادہ گہرے پانی میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔دوسری جانب کویت کی بلدیہ نے اعلان کیا کہ سڑکوں اور راستوں سے پانی ہٹانے اور ان کو دوبارہ سے کھولنے کا کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ سرنگوں کے اندر اور پلوں پر جمع ہونے والے پانی کو کھینچ کر نکالنے کی کارروائیاں بھی ہو رہی ہیں۔