Fashion Shaksiat K Mutabiq Kareen - Article No. 1235

Fashion Shaksiat K Mutabiq Kareen

فیشن شخصیت کے مطابق کریں - تحریر نمبر 1235

فیشن کے روز بروز بڑھتے اور بدلتے ٹرینڈ عمومی طور پر خواتین کو کنفیوڑ کر دیتے ہیں جس کے سبب وہ تذبذب کا شکار ہو جاتی ہیں کہ کونسا سٹائل ان کیلئے بہترین رہے گا کونسا نہیں؟ اگر آپ بھی اس الجھن کا شکار ہیں

پیر 6 جولائی 2015

انعم مجید:
فیشن کے روز بروز بڑھتے اور بدلتے ٹرینڈ عمومی طور پر خواتین کو کنفیوڑ کر دیتے ہیں جس کے سبب وہ تذبذب کا شکار ہو جاتی ہیں کہ کونسا سٹائل ان کیلئے بہترین رہے گا کونسا نہیں؟ اگر آپ بھی اس الجھن کا شکار ہیں اور اپنی دوستوں، سہیلیوں کی طرح اپنی شخصیت کو بھی جاذب نظر بنانے کی خواہش رکھتی ہیں تو ذیل میں بتائے جانے والے مشوروں اور ہدایات پر عمل کریں پھر آپ کیلئے فیشن کے مطابق چلنا مشکل نہیں رہے گا۔

جلد بازی نہیں، تحمل سے کام لیں:
فیشن میگزین خواتین کے لئے دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں عموماً ان میں شائع ہونے والی ماڈلز کی تصویروں اور ملبوسات سے ڈیزائننگ کے آئیڈیاز لئے جاتے ہیں اب مثال کے طور پر ایسے ہی کسی فیشن میگزین میں چھپی ماڈل کی تصویر جس نے گھیریدار فراک کے ساتھ تنگ پاجامہ پہن رکھا ہے آپ کے دل کو بھا گئی اور آپ نے تہیہ کر لیا کہ آپ ہو بہو اس جیسا سوٹ سلوائیں گی اپنے اس فیصلے کو عملی جامہ بھی پہنا لیا لیکن اگر یہ سٹائل آپ کی شخصیت پر نہیں جچا تو یوں یہ جلد بازی مہنگی پڑ گئی ناں؟۔

(جاری ہے)

دراصل ان ماڈلز کے فوٹو شوٹس مکمل میک اپ کے ساتھ کئے جاتے ہیں اس لئے وہ ہر لباس میں پرکشش نظر آتی ہیں ضروری نہیں کہ یہ ملبوسات آپ پر بھی سوٹ کریں بہتر ہے کہ کوئی بھی نیا فیشن اپنانے سے پہلے بڑے نہیں چھوٹے قدم اٹھائیں۔ پہلے اپنی بہن یا دوست سے مشورہ کریں ہو سکتا ہے کہ وہ کوئی مناسب مشورہ دیں۔ بنا سوچے سمجھے فیصلہ مت کریں۔ فیشن کے بارے میں سارے پہلووٴں کو مد نظر رکھیں اور مطمئن ہونے کے بعد ہی اسے اپنائیں۔

رنگ کا انتخاب:
رنگ سارے ہی خوبصورت ہوتے ہیں فیشن انڈسٹری میں پرنٹ اور تراش خراش کے ساتھ رنگوں کو بھی خاص اہمیت دی جاتی ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ رنگوں کا انتخاب ہمیشہ اپنی رنگت کی مناسبت سے کرنا چاہیے کیونکہ غلط رنگوں کا استعمال شخصیت کو مضحکہ خیز بنا دیتا ہے۔ موسم کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھیں گویا گرمیوں کیلئے ہلکے اور ٹھنڈے رنگ اور سردیوں کے لئے قدرے گہرے رنگوں کے ملبوسات استعمال کریں تاکہ یہ موسم کا بھرپور تاثر اجاگر کریں جبکہ سیاہ، گلابی اور براوٴن رنگ کے ملبوسات کو موسم سے قطع نظر آپ اپنی الماری کا حصہ بنا سکتی ہیں۔

فیشن عمر کی مناسبت سے کریں:
ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی اصل عمر سے پانچ دس برس چھوٹی نظر آئے ہمارے کہنے کا مطلب یہ نہیں کہ بڑی عمر کی خواتین کے فیشن پر پابندی عائد کر دی جائے بلکہ کہنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ خواہ کوئی بھی فیشن کریں اگر اپنی عمر کی مناسبت سے کریں تو پھر کوئی مضائقہ نہیں جس طرح بہت سے سوبر رنگ نو عمر لڑکیوں کو اچھے نہیں لگتے اسی طرح حد سے زیادہ شوخ رنگ کے ملبوسات زائد عمر کے خواتین کی شخصیت سے میل نہیں کھاتے۔
آپ پڑھتی ہیں گھریلو خاتون ہیں یا پھر ورکنگ ویمن ،اپنی عمر کا خیال ضرور رکھیں اور اس کی مناسبت سے فیشن کریں۔ یوں شخصیت مزید پراعتماد اور پرکشش نظر آئے گی۔
مہنگا روئے ایک بار:
مہنگا روئے ایک بار، سستا روئے بار بار یہ بات خاصی حد تک درست ہے عام طور پر اکثر خواتین سستی چیزیں خرید لیتی ہیں۔آپ کو چاہیے کہ سستی چیزوں کی بجائے کوالٹی والی چیزیں خریدیں تاکہ پیسے ضائع نہ ہوں۔
بیگ جوتے کپڑے حتی کہ میک اپ مصنوعات کے انتخاب میں ہمیشہ معیار کو ترجیح دیں۔
اپنا خیال ضرور رکھیں:
روزانہ ورزش، متوازن خوراک اور پرسکون نیند انسانی جسم کیلئے ایندھن کا کام کرتی ہے اس لئے ان باتوں پر لازمی دھیان دیں، چاہے آپ کتنی ہی مصروف کیوں نہ رہتی ہوں لیکن مصروفیات میں آپ کی صحت متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ بالفرض اگر آپ یہ محسوس کرتی ہیں کہ کسی وجہ سے صحت یا شخصیت نظر انداز ہو رہی ہے تو فوری طور پر اس وجہ کو ترک کر دیں کیونکہ جان ہے تو جہان ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Fashion Shaksiat K Mutabiq Kareen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.