Mah E Ramadan Aur Khawateen Ki Tayariyan - Article No. 1818

Mah E Ramadan Aur Khawateen Ki Tayariyan

ماہ رمضان اور خواتین کی تیاریاں۔۔۔ - تحریر نمبر 1818

رمضان کے دنوں میں چونکہ وقت کم اور کام بہت زیادہ ہوتا ہے اسی لئے پہلے تیاری کر لینے سے خواتین کو ماہ صیام میں اضافی عبادات جو اس ماہ کی اصل روح ہے کی انجام دہی میں آسانی ہوتی ہے

جمعرات 24 مئی 2018

جویریہ زاہد
ماہ شعبان کا آغاز ہوتے ہی رمضان المبارک کے استقبال کی تیاری کا آغاز کر دیا جاتا ہے۔ خواتین چونکہ گھریلو ذمہ داریوں کی سرکردہ ہوتیں ہیں اسی لیے رمضان کی تیاریوں کا سہر ا بھی انہیں کے سر ہوتاہے۔ رمضان سال میں ایک مرتبہ آتا ہے اور امت مسلمہ کے لئے مہمان کا درجہ رکھتا ہے۔ رمضان بڑا بابرکت اور رحمتوں والا مہینہ ہے۔

اسی لئے ہر کوئی اس مہینے کا بھرپور استفادہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔ لہذا خواتین بھی اس بابرکت مہینے کا استفادہ حاصل کرنے کی غرض سے چند پیشگی تیاریاں شعبان میں ہی مکمل کر لیتی ہیں ۔ شعبان کامہینہ چڑھتے ہی اکثر گھروں میں تفصیلی صفائی ستھرائی کے کاموں کاآغاز ہو جاتا ہے۔ یہ صفائی ستھرائی دراصل معمول کی صفائی سے ذرا مختلف ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

گھر کی سجاوٹ اور اس کی سیٹنگ بدلنے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

یعنی قالینوں کی دھلائی ان کی جگہ بدلنا ، صوفوں ، کشنز اور پردوں کے لئے نئے کورز کا بندوبست کرنا رمضان کے حوالے سے مناسب اور متناسب رنگوں والے سیٹس کی خریداری صفائی ستھرائی کے کاموں میں شامل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ فرنیچر پالش کروانا اور نئے ٹیبل چیئر سیٹس کی خریداری بھی رمضان کے موقع پردھڑا ڈھڑ کی جاتی ہے۔ اکثر گھروں میں تو رمضان المبارک اور عیدالفطر کے مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے رنگ و روغن بھی کروالیے جاتے ہیں۔
گزشتہ چند سالوں سے گرمی کے روزوں کے پیش نظر ائیر کنڈیشنرز اور اور ائیر کولرز وغیرہ کی خریداری بھی بام عروج پر ہوتی ہے۔ افطار کی میز پر رکھنے کے لئے سجاوٹ کا سامان یا ڈیکوریشن پیس وغیرہ بھی خواتین کی نظر میں ہوتے ہیں۔ رمضان کے موقع پر چونکہ افطار پارٹیز وغیرہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اسی لیے خواتین نئے برتنوں بشمول نئے گلاس ، خوبصورت ڈونگے ، سٹائلش پیالیاں اور چٹنی وغیرہ ڈالنے کے لئے دلکش برتنوں کی خریداری میں بھرپور دلچسپی ظاہر کرتی ہیں۔
یہ تمام تیاریاں اور اشیاء تو وہ ہیں جو گھر کے حسن میں اضافہ کرتی ہیں اور آنکھوں کو بھلی لگتی ہیں اس کے بعد باری آتی ہے کھانے پینے کی اشیاء کی شب برأت کے گزرتے ہی صفائی ستھرائی کے کاموں کو مکمل کرکے رمضان کے مہینے کے لئے اضافی راشن کی خریداری کا سلسلہ شروع ہو جاتاہے۔ پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے رمضان کے موقع پر گھریلو استعمال کی اشیاء پر قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا جاتا ہے۔
گویا یوں معلوم ہوتا ہے کہ بیویاری حضرات سارا سال ماہ رمضان کا ہی انتظار کرتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مال بنا سکیں۔ رمضان کے دنوں میں چونکہ وقت کم اور کام بہت زیادہ ہوتا ہے اسی لئے پہلے تیاری کر لینے سے خواتین کو ماہ صیام میں اضافی عبادات جو اس ماہ کی اصل روح ہے کی انجام دہی میں آسانی ہوتی ہے یوں پیشگی منصوبہ بندی دینی اور دنیاوی دونوں فرائض کی ادائیگی میں معاون ثابت ہوتی ہے، اور رمضان کی خوشیاں دوبالا ہو جاتی ہیں ۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Mah E Ramadan Aur Khawateen Ki Tayariyan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.