Kamyaab Biwi - Article No. 1910

Kamyaab Biwi

کامیاب بیوی - تحریر نمبر 1910

ویسے تو ہر شادی شدہ عورت کا میاب ہوتی ہے اس کی کامیابی کا ثبوت اس کا اپنے ہاتھ سے بنایا ہوا گھر گھونسلہ اور اس میں چہچہاتے بچے ہوتے ہیں

ہفتہ 3 نومبر 2018

عائشہ یاسین
انسان نے جب سے کرہ زمین میں قدم رکھا۔اس کی زندگی غم وخوشی ،کامیابی ناکامی اور نفع نقصان سے مزین ہو گئی۔ہروہ شخص جو معاشی ومعاشرتی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے دوسرے پرسبقت لے جائے کامیاب کہلاتا ہے ۔اس میں دورائے نہیں کہ کامیابی کا تعلق شہرت اور دولت سے بالواسطہ یا بلاواسطہ مشروط کہتے ہیں جب کوئی انسان کا میابی کی منزل پاتا ہے تو اس کے پیچھے ایک پورا طریقہ کار فرما ہوتا ہے ۔

ان تھک محنت اور کاوشوں کے بعد ہی کوئی ترقی کی سیڑھیاں چڑھ پاتا ہے ۔یہ ایک پوراعمل ہوتا ہے جس کی بناپر شخصی اور ذہنی تعمیر ہوتی ہے اور پھر آہستہ آہستہ بندہ اونچا ئیوں کی طر ف بڑھتا ہے ۔کبھی اس کے موثر نتائج وقت سے پہلے سامنے آجاتے ہیں اور کبھی انسان کو سالوں وقت کی چکی میں پسنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)


ہم بات کر رہے ہیں ایک مرد وعورت کی کامیابی کی ،جیسا کہ یہ بات سب پر واضع ہے کہ مرد کی کامیابی کے پیچھے کئی وجوہات ہوتے ہیں اور مشہور قول ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے ۔

مگر ہم نے کبھی سوچا کہ ایک عورت کی کامیابی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہوتا ہے ؟اور اگر وہ عورت کسی کی بیوی بھی ہوتو اس کی کامیابی کا ذمہ دار کون ہوتاہے؟
ویسے تو ہر شادی شدہ عورت کا میاب ہوتی ہے اس کی کامیابی کا ثبوت اس کا اپنے ہاتھ سے بنایا ہوا گھر گھونسلہ اور اس میں چہچہاتے بچے ہوتے ہیں ۔لیکن ہم میں سے اکثر تعداد ان عورتوں کی بھی ہے جو گھرکے ساتھ ساتھ معاشرے میں اور کسی نہ کسی شعبے میں بھی اپنے گوہر منواتی ہیں اور کامیاب کہلاتی ہیں ۔
ان خواتین کی قابلیت اور اہلیت اپنی جگہ مگر ان کے اعتماد اور پر وقار شخصیت صرف اور صرف ان کے شریک حیات کی دین ہوتی ہے ۔ہم کتنے ہی ایسی خواتین سے بھی ملتے ہیں جو اپنی ازدواجی زندگی میں توازن نہیں رکھ پاتی مگر پھر بھی کامیاب ہوتی ہیں پر ان کی کامیابی اور ان خواتین کی کامیابی جن کے شریک حیات ان کے قدم سے ہم قدم بنتے ہیں یکسر مختلف ہوتی ہے ۔

شوہر کا ساتھ عورت کو نڈر اور بہادر بناتا ہے ۔جب کوئی عورت اپنے شوہر کو اپنے ہم قدم پاتی ہے تواڑتی پتنگ کی طرح لہراتی پھرتی ہے کیونکہ اس کو علم ہوتا ہے کہ اس کی دوڑ انتہائی محفوظ اور پاک ہاتھوں میں ہے ۔
وہ عورت جو کسی طرح کے ازدواجی رکاوٹ کا سامنا کرتے ہوئے بڑھتی ہے اس قدر پر اعتماد اور مکمل نہیں ہوتی،اس عورت کی نسبت جس کو اپنے شوہر کا ساتھ حاصل ہو۔
اس کی اعتماد کے ساتھ ساتھ اس کے ترقی بھی تیز رفتار ہوتی ہے کیونکہ اس کا شوہر محافظ ہونے کے ناطے اور کی راہوں سے دشواریاں ہٹاتا جاتا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں اس پر انگلی اٹھنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں اوروہ اپنی قابلیت کو صحیح سمت اور بروقت بروئے کا رلاتی ہے ۔دوسری جانب جب شوہر ہی بیوی کا ساتھ نہ دیتا ہوتو اس کو معاشرے اور معاشرے سے وابسطہ لوگوں کے ساتھ ساتھ اپنے شوہر کی بھی تنقید کا سامنا رہتا ہے اور اس کی صلاحیتیں سلب ہوجاتی ہیں ۔

خوش نصیب ہوتی ہیں وہ خواتین جن کو ایسا جیون ساتھی نصیب ہو۔کیونکہ جب عورت خود کو محفوظ اور مکمل محسوس کرتی ہے تو معاشرے میں ایک مثبت کردار ادا کرتی ہے ۔وہ اپنی کاوشوں کو ملکی اور معاشرتی تعمیر میں استعمال کرتی ہے نہ کہ ایک بے حس معاشرے کے بے تکے الزامات پر خود کو صحیح ثابت کرنے میں ضائع کرتی رہے۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ایک بیمار اور محکوم ذہن کبھی بھی صحت مند سوچ کو پروان نہیں چڑھا سکتا۔
جہاں رشتوں میں عدم اعتماد ہو اور ایک دوسرے کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہووہاں ایک ایسی سوچ کی رمق کیسے جنم لے سکتی ہے جو تندرست بھی ہو اور معاشرے کی تعمیر کا باعث بھی بنے۔
یہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے رشتوں کو مضبوط کریں ۔ایک دوسرے کی عزت نفس کو اولیت دیں ۔میاں بیوی ایک دوسرے کی اہمیت کو سمجھیں ،ایک دوسرے کی عزت کا پاس کریں اور احترام کو لازم کریں۔
ایک دوسرے کا احترام ہی وہ واحد جز ہے جو ہر خواہش کو پروان چڑھانے میں مددگار ہوگا اور محبت کی بنیاد بنے گا۔جس خاندان میں والدین ایک دوسرے کا لحاظ اور ادب روارکھتے ہیں ،ان کی اولاد بلکہ نسلیں اس روایت کو قائم رکھتی ہیں ۔اور جن خاندان میں عورتوں کی عزت کو اولین اہمیت اور ترجیح حاصل ہوتی ہیں ان ہی خاندانوں سے بڑے بڑے گوہر نایاب پیدا ہوتے ہیں کیونکہ ان کی پرورش ایک سازگار ماحول میں کی گئی ہوتی ہے جوان کی شخصیت کو نکھار نے کے ساتھ ساتھ ان کی سوچ اور عملی پہلو کو اجاگرکرتی ہے ۔

یہ کہنا ہر گز غلط نہ ہوگا کہ جس طرح ہمارا معاشرہ کسی مرد کی کامیابی کے پیچھے کسی عورت کے ہونے کو مشروط رکھتا ہے ۔اسی طرح ایک شادی شدہ عورت کی کامیابی اس کے شوہر کی عطا کردہ سکون ،اعتماد اور رواداری سے مشروط ہوتی ہے ۔یہ اس کا شوہرہی ہوتا ہے جو اس کی مضبوط اور پروقار شخصیت کو استوار کرتا ہے ۔اس کو تحفظ دیتا ہے ۔اس کی ترقی اور کامیابی کو سراہتا ہے ۔اس لیے ہم کہتے ہیں کہ ایک بیوی کی کامیابی کے پیچھے صرف اور صرف اس کے شوہر نا مدار کا ساتھ ہوتا ہے ۔

Browse More Great Muslim Wives

Special Great Muslim Wives article for women, read "Kamyaab Biwi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.