Hazrat Mariam Alaiha Al Salam - Article No. 1178

Hazrat Mariam Alaiha Al Salam

حضرت مریم علیہا السلام - تحریر نمبر 1178

حضرت مریم علیہا السلام وہ خاتون ہیں جنہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام جیسے جلیل القدر پیغمبر کو جنم دیا۔رسول پاکﷺ کا فرمان ہے کہ "شیطان سب بچوں کو پیدا ہوتے وقت چھیڑتا ہے مگر۔۔۔

جمعہ 8 مئی 2015

حضرت مریم علیہا السلام
حضرت مریم علیہا السلام وہ خاتون ہیں جنہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام جیسے جلیل القدر پیغمبر کو جنم دیا۔رسول پاکﷺ کا فرمان ہے کہ "شیطان سب بچوں کو پیدا ہوتے وقت چھیڑتا ہے مگر حضرت مریم علیہا السلام اور ان کے بیٹے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو نہیں چھیڑ سکا۔ان کی والدہ نے بھی اللہ سے دعا کی تھی کہ اے اللہ ان کو ان کی اولاد کو شیطان سے بچائیو۔

چناچہ ایسا ہی ہوا۔
آپ علیہا السلام کے والد کا نام عمران علیہ السلام اور والدہ کا نام حنہ علیہا السلام تھا۔ جب حضرت حنہ علیہا السلام والدہ حضرت مریم علیہا السلام کو حمل ہوا تو انہوں نے اللہ سے منت مانی کہ اگر ان کے ہاں لڑکا پیدا ہوا تو وہ اسے ہیکل کی خدمت کے لیے آزاد چھوڑ دیں گی۔ یعنی دنیا کے کام ان سے نہ لیں گی۔

(جاری ہے)

ان کے ہاں لڑکی یعنی حضرت مریم علیہا السلام پیدا ہوئی تو ان کو تاسف ہوا کہ ان کی منت پوری نہ ہوسکی کیونکہ لڑکی ہیکل کی خدمت پوری طرح نہ کر سکتی۔


جب حضرت مریم علیہا السلام سن شعور کو پہنچیں تو سوال اٹھا کہ مقدس ہیکل کی امانت کس کے سپرد کی جائے تو ہر ایک نے خواہش ظاہر کی کہ مقدس امانت اس کے سپرد کی جائے۔چناچہ قرعہ ڈالا گیا،چناچہ قرعہ حضرت زکریا علیہ السلام کے نام کا نکلا۔آپ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے نبی تھے اور حضرت مریم علیہا السلام کے خالو بھی تھے۔
حضرت زکریا علیہ السلام نے ہیکل کے قریب ہی ایک حجرہ حضرت مریم علیہا السلام کے لئے مخصوص فرما دیا تا کہ دن کے وقت وہ حضرت مریم علیہا السلام وہاں عبادت کر سکیں۔
رات کے وقت وہ حضرت مریم علیہا السلام کو ان کی خالہ ایشاع یعنی اپنی زوجہ کے پاس لے جاتے اور حضرت مریم علیہا السلام رات وہاں بسر فرماتیں۔حضرت مریم علیہا السلام اپنے شب و روز عبادت میں صرف کرتیں۔ان کا زہد و تقویٰ بنی اسرائیل میں ضرب المثل بن گیا اور ان کی مثالیں دی جانے لگیں۔حضرت زکریا علیہ السلام جب حضرت مریم علیہا السلام کے حجرہ میں تشریف لے جاتے تو وہاں اکثر اللہ تعالیٰ کی جانب سے بھیجے گئے پھل اور دیگر نعمتیں دیکھتے جن سے ان کو حضرت مریم علیہا السلام پر اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا اندازہ ہوجاتا۔

ایک دن حضرت مریم علیہا السلام ہیکل کی مشرقی جانب بیٹھی تھیں کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام انسانی شکل میں آپ علیہا السلام کے سامنے نمودار ہوئے۔ایک اجنبی شخص کو دیکھ کر آپ گھبرا ئیں۔انہوں نے کہا مریم خوف نہ کھا،میں انسان نہیں اللہ تعالیٰ کا بھیجا ہوا فرشتہ ہوں اور تجھ کو ایک بیٹے کی بشارت دینے آیا ہوں۔حضرت مریم علیہا السلام نے کہا میرا لڑکا کیسے ہو سکتا ہے۔
نہ تو میں نے نکاح کیا ہے اور نہ میں بری ہوں۔اس پر حضرت جبرائیل علیہ السلام نے قدرت کی جانب اشارہ کیا اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی عظمت اور نبوت کی بشارت دی۔حضرت جبرائیل علیہ السلام نے حضرت مریم علیہا السلام پر کچھ پھونک دیا۔کچھ عرصہ بعد آپ علیہا السلام نے خود کو حاملہ محسوس کیا اور جب بچہ کی پیدائش کا وقت قریب آیا تو حضرت مریم علیہا السلام نے بدنامی کے خیال سے شہر میں رہنا مناسب خیال نہ کیا اور بیت المقدس کے شہر سے نو میل دور بیت اللحم کے مقام پر تشریف لے گئیں۔
وہاں حضرت عیسیٰ کی پیدائش ہوئی۔
حضرت مریم علیہا السلام اللہ تعالیٰ کے حکم سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو شہر میں لے گئیں۔جو کوئی بچے کی ولادت کے متعلق سوال کرتا،حضرت عیسیٰ علیہ السلام محض شیر خوار ہوتے ہوئے بھی خود جواب دیتے،یوں اللہ تعالیٰ کا معجزہ ظاہر ہو جاتا ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حفاظت کے خیا ل سے حضرت مریم علیہا السلام ان کو شہر سے باہر لے گئیں اور جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام تیرہ سال کے ہو گئے تو واپس تشریف لے آئیں۔
حضرت مریم علیہا السلام کی شادی یوسف نامی ایک شخص سے ہوئی اور ان کی دیگر اولاد بھی تھی۔

Browse More Great Muslim Mothers

Special Great Muslim Mothers article for women, read "Hazrat Mariam Alaiha Al Salam" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.