Khawateen Kay Baal - Article No. 1290

Khawateen Kay Baal

خواتین کے بال - تحریر نمبر 1290

شخصیت کو جاذب نظر بناتے ہیں

پیر 24 اگست 2015

شوکت رحمن خٹک:
کسی زمانے میں ایک لطیفہ سنتے تھے کہ ایک عورت کے سر پر فقط تین بال تھے وہ پارلر گئی اور بیوٹیشن سے کہنے لگی کہ میری اچھی سی چٹیا بنادیں ۔ چٹیا بناتے بناتے اس کا ایک بال ٹوٹ جاتا ہے اور باقی دوبال بچ گئے ، بیوٹیشن کہنے لگی میڈم ایک بال ٹوٹ گیا اب دو بالوں سے کیا ہئیر سٹائل بناؤں تو عورت نے جواب دیا اچھا سا جوڑا بنادیں ، اب بدقسمتی سے جوڑا بناتے بناتے ایک بال اورٹوٹ گیا تو فقط ایک بال ہی باقی بچ گیا ۔
بیوٹیشن نے بے چارگی سے پوچھا ۔ میڈم اب ایک بال سے میں کیا ہیئر سٹائل بناؤں تو عورت لاپرواہی سے بولی ۔ میں کھلے بالوں میں ہی چلی جاتی ہوں ۔
یہ تو ہوگئی مزاح کی بات لیکن یہ بات بھی سچ ہے کہ آج کل کی لڑکیوں اور عورتوں میں دیگر کئی مسائل کے ساتھ جھڑتے اور کمزور اور وقت سے پہلے سفید ہوتے بالوں کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کی وجہ متوازن غذا کی کمی بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی ، ٹیشن اور کم سونا ہے ۔

آج کل ہماری غذاؤں میں جنک فوڈ اور گوشت کا استعمال زیادہ ہوتا جارہا ہے جبکہ تازہ سبزیاں ، نیچرل پروٹین دودھ کا استعمال بہت کم ہوتا ہے اس کی وجہ سے کئی جسمانی مسائل سامنے آرہے ہیں ، اور ان مسائل میں سے ایک مسئلہ گرتے کمزور بالوں کا بھی ہے
خوبصورت بال شخصیت کو نکھارنے اور جاذب نظر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ خاص طور پر خواتین کیلئے صحتمند اور دلکش بال حسن میں اضافے کا اہم سبب جانے جاتے ہیں ۔
بالوں کا زیادہ لمبا اور گھنا ہونا تو موروثی ہوسکتا ہے لیکن آپ اپنے بالوں پر توجہ دے کر انہیں صحتمند اور ملائم بناسکتی ہے ۔ بالوں کی حفاظت شروع کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ آپ کو پتہ ہو کہ آپ کے بال کس ساخت کے ہیں ۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ بال دھونے کے ایک دن بعد آپ اپنی پوروں کی مدد سے بالوں کی جڑوں میں مساج کریں اگر پوریں چکنی ہوں تو سمجھ لیں کہ بال چکنے ہیں اور اگر خشکی محسوس ہوتو ہوسکتا ہے کہ آپ کے بالوں کی جلد خشک ہے ۔

بال لمبے کرنے کا طریقہ
اجزاء : کالے ماش ثابت ایک کپ ، آملہ ، سیکاکائی آدھا آدھا کپ میتھی کے بیج دو بڑے چمچے لیموں کے چھلکے چار عدد سوکھے ہوئے ۔
ترکیب : ان تمام چیزوں کو پیس لیں ، اس سفوف کو گرم پانی میں آدھے گھنٹے کیلئے بھودیں اور پھر سر پر لگائیں، تقریباََ پانچ منٹ بعد سردھولیں ، اس سے بال لمبے گھنے ہوں گے اور گرنا بھی بندہوجائیں گے۔
اس تیل کو ہفتے میں ایک بار کریں ۔
استعمال : بالوں کی حفاظت کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہفتے میں ایک بار تیل سے سرمالش کریں۔ رات بھر تیل لگارہنے دیں ، صبح سردھولیں اس سے بال بڑھتے ہیں ۔ ناریل اور تل کاتیل بالوں کیلئے نہایت مفید ہیں البتہ زیتون کے تیل سے بال خشک ہونے لگتے ہیں ۔ سرسوں ، ناریل ، کلونجی اور باداموں کاتیل یکساں مقدار میں مکس کر کے استعمال کرنے سے بھی بال صحتمند اور لمبے ہوتے ہیں ۔
تیل لگانے سے پہلے اس کوکسی برتن میں ڈال کر ہلکا سا گرم کر لیں ۔ اس کے بعد بالوں پر لگانے کے بجائے سرکی جلد پر لگائیں اور تقریباََ پندرہ منٹ تک ہلکے ہاتھ سے مساج کرتی رہیں پھر بالوں میں برش کریں ۔ اس سے سر کی جلد میں دوران خون تیز ہوگا جو کہ بالوں کی صحت کیلئے مفید ہے ۔
تقریباََ تین گھنٹے بعد بالوں کو نیم گرم تولیے میں لپیٹیں اس سے تیل کے اثرات جلد کے اندر تک چلے جائیں گے پھر آپ اپنے بالوں کو کسی اچھے شیمپو سے دھولیں ۔

مہندی سے کنڈیشنگ
ہرے دھنیے کا جوس نکال کر مہندی کو اس پانی میں بھگولیں ۔ آدھے لیموں کا رس ، ایک انڈہ شامل کریں اور تقریباََ دو گھنٹے کیلئے رکھ دیں اس کے بعد بالوں میں لگالیں ۔تقریباََ تین گھنٹے بعد مہندی دھو کر صاف کر دیں ۔ مہینے میں تقریباََ دودفعہ اپنے بالوں کو مہندی سے کنڈیشنگ کریں اس سے آپ کے بال صحت مند اور جاندار رہیں گے ۔
ایلویرا ، ( کوار گندل ) بہت مفید پودا ہے اس کی مدد سے کئی جلدی اور بالوں کی ادویات تیار کی جاتی ہیں کوارگندل کی مدد سے آپ اپنے بالوں کو چمکدار بناسکتی ہیں اگر جلد پر خشکی وغیرہ ہوتو وہ بھی اس کے لگانے سے دور ہوجاتی ہے ، ایک لیف ایلویرالے کر اس کو چھیل کر مسل لیں پھر اپنے بالوں پر لیپ کر لیں جیسے ہی خشک ہو ، بال دھولیں ۔
انڈہ اور دہی : انڈہ کھانے میں بھی بہت مفید ہے اور بالوں پر لگانے سے بہت سے فوائد حاصل کئے جاتے ہیں ۔
ایک انڈہ آدھ پاؤ دہی میں مکس کر لیں ۔ دو چمچ آئل بھی اس میں شامل کرلیں اور اچھی طرح پھینٹ لیں ، اس کے بعد اس آمیزے کو اپنے سرکے بالوں پر لگائیں تقریباََ ایک گھنٹہ لگا رہنے دیں اور پھر کسی اچھے شیمپو سے دھولیں ۔ اندہ اور دہی سے نہ صرف سرکی سکری دور ہوگی بلکہ بالوں کو بھی فائدہ پہنچے گا اور چمک آئے گی ، بالوں کی جڑیں مضبوط ہوں گی ۔
خود پر گاہے بگا ہے توجہ دیتے رہنے سے آپ نہ صرف بڑے مسائل سے بچ سکتی ہیں ، بلکہ اپنی صحت کو بھی برقرار رکھ سکتی ہیں ۔
بال ہی عورت کی شخصیت کا حسن ہوتی ہیں اس لئے ان کی حفاظت کرنے چاہیے ، بالوں کے مسائل شروع ہونے سے قبل ہی ان کی حفاظتکرنی چاہیے ۔ وٹامن ، دودھ ، تازہ سبزیاں اور سلاد ہماری جلد اور بالوں کیلئے بہت سودمند ہے ۔ان چیزوں کو اپنی روزمرہ کی خوراک کا حصہ بنائیں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Khawateen Kay Baal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.